آسام: وزیر اعلیٰ نے ‘آسام باجرا مہم کا آغاز کیا
گوہاٹی، نومبر۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے جمعرات کو ریاست میں باجرے کی کاشت کو وسعت دینے اور بڑھانے کے لیے ‘آسام باجرا مہم’ کا آغاز کیا۔پروگرام کا آغاز کرنے کے بعد مسٹر شرما نے کہا کہ باجرہ ابھیان کا مقصد آسام میں غذائیت کوفروغ دینا اورکسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنا ہے۔ یہ مہم فصل کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ فصلوں کو متنوع بنانے میں مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کسان اب اپنی فصل کاشت کے طریقوں کو متنوع بنا سکتے ہیں اور روایتی فصلوں کے علاوہ باجرا پیدا کرنے کے لیے اپنی کاشت میں توسیع بھی کرسکتے ہیں۔ابتدائی طور پر آسام باجرامہم میں 25000 ہیکٹر زرعی اراضی پر کاشت کی جائے گی۔ بعد میں اسے 50000 ہیکٹر تک بڑھا دیا جائے گا۔مسٹر شرما نے کہا کہ اگلے سال سے آسام حکومت نے دھان کے لئے ایم ایس پی 2040 روپے فی کوئنٹل مقرر کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اسی پروگرام کے دوران بونگائیگاؤں، موریگاؤں، ادلگڑی، گولا گھاٹ، کریم گنج اور درانگ میں مٹی کی جانچ اور کوالٹی کنٹرول کی چھ لیبارٹریوں نیز دھیماجی اور تیتابور میں دو علمی مراکز کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر آسام کے وزیر زراعت اتل بورا، پنچایت اور دیہی ترقی کے وزیر رنجیت کمار داس اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔