برطانیہ یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے 1000 میزائل دینگے: سوناک

لندن،نومبر۔برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک نے جمعرات کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں تصدیق کی کہ ان کا ملک یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے مزید 1,000 میزائل بھیجے گا۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سوناک نے کھیرسن سے روسی انخلا کو ایک مضبوط پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ برطانیہ یوکرینی افواج کو سرد موسم کیلئے 25 ہزار سے زائد جیکٹس بھی فراہم کرے گا۔اس سے ایک روز قبل زیلنسکی نے کہا تھا کہ انہوں نے سوناک کے ساتھ بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر زیلنسکی نے کہا انہوں نے سوناک کے ساتھ یوکرین کے لیے دفاعی تعاون اور موسم سرما کو برداشت کرنے میں مدد پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب بدھ کے روز روس نے یوکرین کے جوابی حملوں کے تناظر میں اپنی افواج کو جنوبی یوکرین کے شہر خیرسن سے انخلا کا حکم دیا تھا اور اس کی افواج کو ایک اور سخت جھٹکا لگا تھا۔روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے یوکرین میں روسی آپریشنز کے کمانڈر جنرل سرگئی سورووکِن کے ساتھ ٹیلی ویڑن پر ملاقات کے دوران کھیرسن کے علاقے میں دریائے دنیپرو کے دائیں کنارے سے روسی افواج کے انخلاء کا حکم دیا۔ یوکرین پر روسی جارحیت نویں مہینے میں داخل ہوگئی ہے اور اس دوران مغرب نے یوکرین کو عسکری، لاجسٹک اور مالی طور پر مدد فراہم کرنا بھی جاری رکھی ہے۔ یورپی کمیشن نے بدھ کو 27 رکن ممالک کے سامنے یوکرین کو 2023 کے لیے قرضوں کی صورت میں 18 ارب یورو امداد دینے کی تجویز پیش کی۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے بھی کیف کو مدد کی یقین دلانے کی کوشش کی۔ سٹولٹن برگ نے لندن میں برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک سے ملاقات کے بعد پریس کو بتایا کہ یہ بہت واضح ہے کہ یوکرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے امریکہ میں دو طرفہ حمایت موجود ہے، اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

Related Articles