ایلون مسک ٹوئٹر کے بورڈ کو برطرف کرکے واحد ڈائریکٹر بن گئے
نیویارک ،نومبر۔ایلون مسک ٹوئٹر کے بورڈ کو برطرف کرکے واحد ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔وہ کمپنی کے چوتھائی ملازمین کو برطرف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔دوسری جانب دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین نے کمپنی کے نئے مالک ایلون مسک کی جانب سے مستند اکاؤنٹس کیلئے مخصوص ’’بلیو ٹک‘‘ پر ماہانہ 20 ڈالر فیس نافذ کرنے کے خیال پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور اسے دولت کی ہوس قرار دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کے ایسے صارفین جو اپنے اکاؤنٹ کو مستند رکھنے کیلئے مقررہ فیچر ’’بلیو ٹک‘‘ برقرار رکھنا چاہتے ہیں انہیں ماہانہ 19.99 ڈالرز کی فیس ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز کے عوض ٹوئٹر خریدا تھا اور اب انہوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ بلیو ٹک صارفین سے فیس وصول کی جا سکتی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ ملازمین سے کہہ دیا ہے کہ7 نومبر تک بلیو ٹک کو پریمیم سہولت قرار دے کر فیس چارج کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا نے ٹوئٹر کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلیو ٹک کی سہولت استعمال کرنے والے صارفین کو 90 دن کا وقت دیا جائے گا کہ وہ نئے ٹیرف کے مطابق ادائیگی کریں بصورت دیگر ان کے بلیو ٹک (نیلے رنگ کا چیک مارک) ختم کر دیا جائے گا۔