بولڈ اداکارہ کا سلمان خان پر ساجد خان کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام
ممبئی،نومبر۔بھارت کی بولڈ اداکارہ شیرلین چوپڑا نے نامور بالی ووڈ اسٹار سلمان خان پر فلم ساز ساجد خان کو تحفظ فراہم کرنے کے الزامات لگادیے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شیرلین چوپڑا ممبئی کے جوہو پولیس اسٹیشن پہنچ گئیں اور وہاں پہنچ کر فلم ساز ساجد خان کے خلاف اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ بعدازاں انہوں نے پولیس اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس پر الزام عائد کیا اور کہا کہ پولیس ان کی مدد نہیں کر رہی۔ شیرلین کا کہنا تھا کہ ساجد خان کے سر پر کسی اور کا نہیں بلکہ سلمان خان کا ہاتھ ہے، سلمان خان کے ہوتے ہوئے ساجد خان کا کوئی بال بھی بانکا نہیں کر سکتا۔ علاوہ ازیں شیرلین چوپڑا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جب ان کی فون کالز کا جواب نہیں دیا گیا تو اس کے بعد وہ ساجد خان کے خلاف درخواست دینے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچی تھیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے اسسٹنٹ پولیس کمشنر کو کال کیا اور بولا جوہو پولیس میری مدد نہیں کر رہی۔ اب پتہ نہیں کیا مجبوری رہی ہوگی پولیس کی، شاید اوپر سے یہ جواب آیا ہوگا کہ میرا بیان نہ لیا جائے۔‘انہوں نے کہا کہ میں اب سوچ رہی ہوں کہ اگر ایک خاتون سلیبریٹی کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے تو پھر ایک عام خاتون کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔واضح رہے کہ ساجد خان می ٹو مہم کے دوران اس وقت خبروں میں آئے جب ان کے ساتھ مختلف پروجیکٹس پر کام کرنے والی کم از کم 9 اداکاراؤں نے ان پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔بولڈ اداکارہ شیرلین چوپڑا بھی فلم ساز ساجد خان پر الزام عائد کرنے والی ان خواتین میں سے ایک تھیں۔