امریکہ میں فائرنگ سے 2 ہلاک، حملہ آور بھی مارا گیا
واشنگٹن ،اکتوبر۔ امریکی ریاست میزوری کے شہر سینٹ لوئیس کے ہائی اسکول میںفائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور7دیگرزخمی ہوگئے،حملہ آور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میںمارا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ ایک نوجوان نے کی، ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک لڑکی شامل ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے 20سالہ مسلح نوجوان ہلاک ہوگیا، جس کی فی الحال شناخت نہیں ہوئی ہے۔ سینٹ لوئس میں پولیس کے عبوری کمشنر لیفٹیننٹ کرنل مائیکل ساک نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں جبکہ نوجوان لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی تھی۔ ان کے مطابق دونوں کو گولیاں لگی تھیں جبکہ زخمی ہونے والے دیگر افراد کو فائرنگ کے علاوہ مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں۔واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔