ہسپانوی مداح قطر ورلڈ کپ کے لیے جاتے ہوئے ایران میں لاپتہ ہو گیا
میڈرڈ ،اکتوبر۔ ہسپانوی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک 41 سالہ ہسپانوی فٹ بال مداح نومبر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قطر جاتے ہوئے ایران میں لاپتہ ہو گیا ہے۔سینٹیاگو سانچیز کے دوستوں نے آخری مرتبہ ان کے بارے میں یکم اکتوبر کو سنا تھا جب سانچیز نے عراق ایران سرحد پر اپنی تصاویر بھیجی تھی۔ ان تصاویر میں سے ایک ایران میں داخل ہوں کے نشان کے ساتھ بھی تھی۔بعض ہسپانوی میڈیا ذرائع کے مطابق ایرانی حکام نے سانچیز کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈرڈ میں اس کے والدین نے بھی ’’ٹیلی سنکو‘‘ ٹی وی چینل کو بتایا کہ زیادہ امکان اس کی ایران میں گرفتاری کا ہی ہے۔والدہ سیلیا نے کہا کہ اس بات کا 99 فیصد امکان ہے کہ وہ ایران کی کسی جیل میں ہے، تاہم ہسپانوی سفارت خانے نے میری بیٹی کو بتایا کہ وہ جیل جانے سے پہلے اس کی تصدیق نہیں کر سکتے ہیں۔ سفارتخانے نے کہا کہ سانچیز کی کسی جیل میں متوقع موجودگی دیکھنے کیلئے ایرانی حکومت سیاجازت لیں گے۔ہسپانوی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ سانچیز ایران میں ہے اور تہران میں اس کا سفارت خانہ اسے قونصلر مدد فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر اس کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات حاصل کر رہا ہے۔سانچیز نے گزشتہ جنوری کو میڈرڈ سے روانہ ہوا تھا، اس نے یورپ اور ترکی کا سفر کیا اور عراق میں داخل ہونے سے پہلے خیموں، ہوٹلوں اور گھروں میں سوتا رہا۔خبروں کے مطابق گزشتہ ماہ، سانچیز نے عراقی کردستان کے شہر زخو میں بتایا تھا کہ وہ ہسپانوی قومی ٹیم سے ملنے کا خواہاں ہے۔