ایندھن سے بھرے ٹینکر میں آگ لگ جانے سے ایک شخص کی موت، 21 زخمی

کھرگون، اکتوبر۔ مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے بسٹان تھانہ علاقے کے تحت انجنگاؤں کے نزدیک آج علی الصبح ایندھن کے ٹینکر کے حادثے میں ایک نوجوان خاتون کی موت اور 21 دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرم ویر سنگھ یادو نے بتایا کہ کھرگون سے 30 کلومیٹر دور بسٹان تھانے کے علاقے کے انجن گاوں کے نزدیک ایندھن سے بھرا ایک ٹینکر صبح سویرے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ بی پی سی ایل اندور سے آنے والے اس ٹینکر میں آٹھ ہزار لیٹر پٹرول اور چار ہزار لیٹر ڈیزل بھرا ہوا تھا۔ ٹینکر کے الٹنے کے بعد بہت سے گاؤں والے جن میں خواتین بچے بھی شامل تھے وہاں سے بہنے والا ایندھن لینے وہاں پہنچ گئے۔اسی دوران ٹینکر میں آگ لگ گئی اور کئی گاؤں والے اس کی زد میں آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ 18 سالہ رنگو بائی کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 21 دیگر کو جھلسی حالت میں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے، جن میں سے 4 کو اندور ریفر کیا جا رہا ہے۔ضلع کلکٹر کمار پرشوتم نے بتایا کہ مقامی پولیس اور گاؤں والوں کی مدد سے زخمیوں کو ریسکیو کرکے ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا اور ان کا مناسب علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر پون شرما اور بی پی سی ایل اندور کے عہدیداروں کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی پی سی ایل کھنڈوا کی ٹیم کو بھی ضروری جانچ کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے اور شدید زخمیوں کو اندور ریفر کیا جا رہا ہے۔

 

Related Articles