خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ ویشالی ٹھکر کی آنکھیں عطیہ کر دی گئیں
ممبئی،اکتوبر۔ خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ ویشالی ٹھکر کی فیملی نے اس کی وصیت کے مطابق چتا جلانے سے قبل اس کی آنکھیں عطیہ کر دیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ٹی وی اداکارہ ویشالی ٹھکر نے چند روز قبل ریاست مدھیاپردیش کے شہر اندور میں اپنے گھر کے کمرے میں پنکھے کے ساتھ پھندہ لے کر خودکشی کی تھی۔ویشالی کی لاش کے قریب سے ایک خط ملا تھا جس میں اس نے اپنے راہول نیولانی نامی ہمسائے کو خودکشی کا سبب بیان کیا تھا۔ اس نے خط میں لکھا تھا کہ بزنس مین راہول اسے ہراساں کر رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ شدید ڈپریشن کا شکار تھی۔ اسی کی وجہ سے اس نے خودکشی کا فیصلہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ چاہتی تھی کہ جب اس کی موت ہو تو اس کی آنکھیں عطیہ کر دی جائیں۔ اس کی فیملی نے اس کی اس وصیت پر عمل کرتے ہوئے 16اکتوبر کو اس کی چتا کو آگ لگانے سے قبل اس کی آنکھیں عطیہ کر دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویشالی کے بھائی نے کہا کہ ’’ویشالی کو اپنی آنکھوں سے بہت محبت تھی۔ وہ اکثر کہا کرتی تھی کہ اپنی موت کے بعد وہ اپنی آنکھیں عطیہ کرنا چاہتی ہے۔ اس نے میری ماں سے بھی یہی بات کہہ رکھی تھی۔ چنانچہ ہم نے اس کی چتا جلانے سے قبل اس کی اس خواہش کا احترام کیا اور اس کی آنکھیں عطیہ کر دیں۔ ویشالی کی آنکھیں ضلعی محکمہ صحت کو عطیہ کی گئی ہیں جو کسی بھی ضرورت مند کو دے دی جائیں گی اور وہ ویشالی کی آنکھوں سے اس خوبصورت دنیا کودیکھے گا۔‘‘