بی جے پی جھوٹے کیس میں مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے: سسودیا
نئی دہلی، اکتوبر۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ گجرات میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت بن رہی ہے، جس کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بری طرح گھبرا رہی ہے اور اس لیے جھوٹے مقدمے کر کے مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے لیکن میں بھگت سنگھ کا پیروکار، جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔مسٹر سسودیا سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے سامنے پیش ہونے سے پہلے راج گھاٹ گئے اور مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ملک قربانی مانگ رہا ہے۔ ملک کی آزادی کو 75 سال ہوچکے ہیں لیکن ان لوگوں نے ہمارے بچوں کے لیے اسکول نہیں بنائے، اچھے سرکاری اسپتال نہیں بنائے، نوجوانوں کو بے روزگار کردیا۔ ہم نے گزشتہ سات برسوں میں دہلی میں شاندار کام کیا ہے۔ پنجاب میں بھی گزشتہ چند ماہ میں بہت اچھا کام ہوا ہے۔ دہلی اور پنجاب کے کام سے تحریک لے کر گجرات کے ایک، ایک ووٹرکے ذہن میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اگر دہلی کے اسکول اچھے ہوسکتے ہیں تو گجرات کے اسکول بھی اچھے ہوسکتے ہیں۔ گجرات ایک، ایک آدمی سوچ رہا ہے کہ اگر دہلی اور پنجاب کے سرکاری اسپتال اچھے ہو سکتے ہیں تو گجرات کے سرکاری اسپتال بھی اچھے ہو سکتے ہیں۔مسٹر سسودیا نے کہا کہ آج گجرات میں لوگ عام آدمی پارٹی کی طرف بڑی امید سے دیکھ رہے ہیں۔ اس لیے وہ مجھے جیل میں ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر میں گجرات جاؤں گا تو لوگوں کی ایک شاندار سرکاری اسکول بننے کی امید مضبوط ہوگی۔مسٹر سسودیا نے کہا کہ میں جب بھی گجرات گیا، گجرات کے لوگوں نے کہا کہ دہلی کی طرح ہم بھی عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں گے اور اس کی حکومت بنائیں گے۔ گجرات میں بی جے پی بری طرح ہار رہی ہے اور یہاں عام آدمی پارٹی کی حکومت بن رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بی جے پی خوفزدہ ہو رہی ہے اور اس لیے میرے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرکے مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے، لیکن میں بھگت سنگھ کا پیروکار ہوں، میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔ اس وقت ان شہداء نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دی تھیں اور آج ملک ایک بار پھر قربانی مانگ رہا ہے۔ ملک اس سے سینہ تان کر قربانی مانگ رہا ہے جو جیل جانے سے نہیں ڈرتا اور مجھے فخر ہے کہ میں ملک کے لیے جیل جا رہا ہوں۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ آج ان کی تیاریاں مجھے جیل میں ڈالنے کی ہیں۔ اس سے پہلے بھی سی بی آئی نے میرے گھر پر چھاپہ مارا لیکن انہیں بدعوانی کا ایک بھی ثبوت نہیں ملا ۔ پھر انہوں نے میرے بینک لاکر کی تلاشی لی اور وہاں بھی کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ جب سی بی آئی اہلکار جائیداد کی جانچ کر رہے تھے تو انہیں یہ احساس تھا کہ انہیں جائیداد سے دستاویزات یا نقدی ملے گی، لیکن انہیں وہاں بھی کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی میرے گاؤں گئی اور دریافت کیا کہ کیا میں نے وہاں زمین خریدی ہے، لیکن وہاں بھی انہیں کچھ نہیں ملا۔ اس لیے اب ان کی تیاریاں ہیں کہ مجھے جیل میں ڈالیں لیکن میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔ وہ سی بی آئی یا ای ڈی سے نہیں ڈرتے۔ میں جانتا ہوں کہ ملک قربانی مانگ رہا ہے اور میں قربانی دینے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جیل جاؤں تو افسوس نہیں، یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ مجھے ملک کے لیے قربانی دینے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی گجرات میں خوفزدہ ہے۔ اس لیے یہ ہمیں گجرات جانے سے روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی گجرات گئے ، وہاں کے اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت دیکھی ہے، غریبوں کی حالت دیکھی ہے، میں نے نوجوانوں کو نوکریوں کے لیے روتے دیکھا ہے اور وہاں کے لوگوں کی بہت بری حالت دیکھی ہے۔ گجرات کے لوگوں کو مسٹر اروند کیجریوال سے امیدیں ہیں۔ وہاں ہم نے لوگوں سے کہا ہے کہ گجرات میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بناؤ، تو آپ کے اسکول اور اسپتال اتنے ہی اچھے ہوں گے جتنے اچھے دہلی کے اسکول اور اسپتال ہیں۔ گجرات میں بھی بجلی کے بل زیرو آئیں گے۔ یہاں بھی ایماندارانہ نوکریاں ملیں گی۔ وہاں کے لوگ عام آادمی پارٹی پر بھروسہ کرنے لگے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں بی جے پی بری طرح ہار رہی ہے۔ وہ ہمیں جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ میرے خلاف کچھ نہیں نکلا‘ کچھ نہیں نکلے گا۔مسٹر سسودیا نے کہا کہ گجرات کا ہر بچہ الیکشن لڑ رہا ہے۔ آج گجرات کا عام آدمی الیکشن لڑ رہا ہے۔ اس بار گجرات کے لوگ تعلیم، صحت اور بجلی کی تحریک کی طرح الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مجھے جیل میں ڈالنے سے گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی شکست سے نہیں بچ سکے گی۔ شہید بھگت سنگھ کے راستے پر چلتے ہوئے ہم نے اسکول اور اسپتال بنائے۔ اس لیے بی جے پی اب گجرات میں اپنا اقتدار نہیں بچا سکے گی۔