فاسل فیول لائسنسوں کیخلاف مظاہرہ، بکنگھم پیلس کے سامنے سڑک بلاک

لندن ،اکتوبر۔فاسل فیول لائسنسوں کے خلاف مظاہرین نے بکنگھم پیلس کے سامنے سڑک بلاک کردی، سکاٹ لینڈ سے آنے والے کم وبیش 2درجن مظاہرین نارنجی واسکٹ پہنے ہوئے تھے۔ مظاہرین سڑک پر دھرنا مارکر بیٹھ گئے، وہ بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر لکھا تھا Oil Stop Just ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نارتھ سی میں تیل وگیس کی تلاش کے کام ستمبرمیں دی جانے والی توسیع کی حکومت کی جانب سے حمایت کے بعد کارروائی ضروری تھی۔ توقع ہے کہ نارتھ سی ٹرانزیشن اتھارٹی (NSTA) اس مہینے تیل وگیس کی تلاش کے نئے لائسنس جاری کرے گی۔ سکاٹ لینڈ کے وزیر الیسٹر جیک نے کہاکہ 100نئے لائسنس جاری کئے جانے کا امکان ہے، جس سے ان کے مطابق برطانیہ میں انرجی کی فراہمی میں مدد ملے گی اور اس سے سکاٹ لینڈ میں ملازمتوں کے 70,000 سے زیادہ مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے لیکن لندن میں بارش کے دوران مظاہرے میں شامل ایما برائون نے لائسنسوں کو تمام لوگوں کو سزائے موت کے مترادف قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ حکومت 100 نئے لائسنس جاری کرنے جارہی ہے، اس لئے ہمیں نکلنا پڑا کیونکہ ایسا کرنا ہم سب کیلئے سزائے موت کے مترادف ہے، اس لئے ہم مزید ایسا نہیں کرنے دے سکتے۔ ہم نے پوری دنیا اور خود اپنے گھر کے سامنے اس کے اثرات دیکھ لئے ہیں۔ اس لئے یہ پاگل پن اب رک جانا چاہئے۔ راہ چلتے لوگوں نے اس مظاہرے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، ایک گزرتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور نے چیخ کر کہا کہ جائو کہیں اور نوکری تلاش کرو۔ ایک سائیکل سوا ر سکاٹ باشندے نے یہ کہ کر مظاہرین کی ہمت بڑھائی، احتجاج جاری رکھو تم لوگ ایک عظیم کام انجام دے رہے ہو، مضبوطی کے ساتھ ڈٹے رہو۔ ایک پولیس افسر نے جب مظاہرین سے سوال کیا کہ ان کا کتنی دیر تک دھرنا دینے کا پروگرام ہے تو مظاہرین نے کہا کہ جب تک نئی حکومت نہیں مل جاتی۔ ایک پولیس افسر نے سوال کیا کہ ہم آپ کی کیا خدمت کرسکتے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ کچھ نہیں جب تک تمہیں لز ٹرس کی جانب سے خط نہ مل جائے۔ پولیس افسران نے مظاہرین کی تلاشی لی تو بعض مظاہرین نے اپنے ہاتھ گوند سے جوڑے ہوئے تھے۔ پولیس نے مظاہرین سے کہا کہ ہم گارڈ کی تبدیلی کیلئے سڑک صاف کرانا چاہتے ہیں، جس پر کچھ مظاہرین خود ہی واپس چلے گئے جبکہ بعض صبح 10 بجے تک کھڑے رہے، جس کے بعد پولیس اہلکار انھیں گاڑی میں بٹھاکر لے گئے۔ایک افسر نے تصدیق کی کہ بعض مظاہرین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

Related Articles