آسٹریلیا: سڈنی میں سالانہ بارشوں کا 72 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

سڈنی،اکتوبر۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سالانہ بارشوں کا 72سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر میں سالانہ بارشوں کا 72 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی شہر میں رواں سال کے 86 دنوں کے دوران اب تک 2213 ملی میٹر (87 انچ) تک بارش ہوچکی ہے جو 1950 میں 2194 ملی میٹر بارش کے بعد سب سے زیادہ بارش ہے،جمعرات کے روز 5 گھنٹوں کے دوران سڈنی میں 58 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد حکام نے آسٹریلیا کے شمالی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔موسمیات کے حکام کاکہنا ہیکہ آسٹریلیا کی مشرقی ساحلی پٹی گزشتہ تین سال سے بارش برسانے والے سسٹم کے اندر ہے جس سے رواں سال کے اختتام تک مزید بارشیں متوقع ہیں۔اسٹیٹ ایمرجنسی سروس منسٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں علم ہے کہ ہمارے ڈیم اور دریا مکمل طور پربھرے ہوئے ہیں، اس لیے اب کم بارش بھی سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتی ہے، کسی بھی صورت میں اضافی بارش زبردست سیلابی صورتحال کی وجہ ہوگی۔دوسری جانب آسٹریلیا میں رواں سال اب تک خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Related Articles