سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ کا انتقال
نئی دہلی، اکتوبر ۔سماج وادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادوکا پیر کی صبح گروگرام کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔مسٹر یادو کی آخری رسومات منگل کو سیفئی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ان کی عمر 82 برس تھی۔ میدانتا اسپتال نے بتایا کہ مسٹر یادو کا طویل علالت کے بعد آج صبح 08:16 پر انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اسپتال میں داخل تھے۔ ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔مسٹر یادو کے بیٹے اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر مسٹر ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میرے قابل احترام والد اور سب کے نیتاجی نہیں رہے۔اتر پردیش حکومت نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کے انتقال پر ریاست میں تین روزہ سرکاری سوگ اور ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ایس پی نے ٹویٹ کیا، ’’محترم نیتا جی کا آج صبح گروگرام کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کا جسد خاکی سیفئی لایاجارہا ہے۔ ان کی آخری رسومات کل 11 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے سیفئی میں ادا کی جائیں گی۔مسٹریادو 22 نومبر 1939 کو سیفئی، ضلع اٹاوہ میں پیدا ہوئے۔ وہ اس وقت مین پوری سے ایم پی تھے۔وہ تین بار اتر پردیش کے وزیر اعلی رہے اور مرکزی حکومت میں وزیر دفاع کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، وہ 10 بار ایم ایل اے اور سات بار لوک سبھا ممبر منتخب ہوئے۔