جموں وکشمیر کی سیاسی تصویر بدلنے والی ہے
این سی ، پی ڈی پی اور کانگریس نے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں: رویندر رینا
جموں، اکتوبر۔ جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے جمعے کے روز کہا کہ ستر سالوں سے نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی نے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی ، کانگریس اور نیشنل کانفرنس لوگوں کے ہمدرد نہیں بلکہ سب سے بڑے دشمن ہیں۔فاروق عبداللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہاکہ این سی سرپرست انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ کا دورے جموں وکشمیر کامیاب رہا ہے ۔اُن کے مطابق وزیر داخلہ نے دورے کے دوران مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جتنے بھی مسائل اُبھارے گئے اُنہیں حل کرنے کا یقین دلایا گیا۔موصوف صدر نے کہا:’میں جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں جنہوں نے راجوری اور بارہ مولہ میں عوامی ریلیوں کو کامیاب بنایا‘۔انہوں نے کہاکہ جتنے جموں کے لوگ حب الوطنی سے سرشار ہے اس سے زیادہ کشمیر کے لو گ بھی بھارت سے محبت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سماج کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے تین روزہ دورے کے بعد جموں وکشمیر کی سیاسی تصویر اب بدلنے والی ہے۔مسٹر رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ستر سالوں تک پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے راج کیا اور اس دوران بہت سارے مسائل کو بھی جنم دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا ڈیلی ویجروں سمیت سبھی مسائل کو ایک ایک کرکے حل کرئے گی۔ نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے ریندر نے کہاکہ میں فاروق صاحب کو بتا دینا چاہتاہوں کہ پچھلے ستر سال کے دوران آپ نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقو ق پر شب خون مارا ہے۔اُن کے مطابق یہی لوگ انسانی حقوق کی پامالیوں میں بھی براہ راست ملوث رہے ہیں ۔رویندر رینا نے کہاکہ پی ڈی پی ، این سی اور کانگریس نے لوگوں کے پیٹ میں چھرا گھونپ کر اُنہیں کافی زخم دئے لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔بی جے پی صدر کے مطابق ہمارا نعرہ سب کا ساتھ ، سب کا وشاس اور سب کا وکاس ہے اور اس پر ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے۔