ایران:زاہدان میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں 41 افراد ہلاک

تہران،اکتوبر.ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے شہرزاہدان میں گذشتہ ہفتے شروع ہونے والی جھڑپوں میں ایرانی سکیورٹی فورسز نے 41 افراد کو ہلاک کردیاہے۔ناروے میں قائم غیرسرکاری تنظیم(این جی او)ایران ہیومن رائٹس (آئی ایچ آر) نے اتوار کے روز ہلاکتوں کے یہ نئے اعدادوشمارجاری کیے ہیں لیکن ایرانی حکومت نے ہنوز ان کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔آئی ایچ آر نے ایرانی سکیورٹی فورسز پرالزام عاید کیا کہ وہ جمعہ کوزاہدان میں نماز کے بعد شروع ہونے والے احتجاج کو’’خونریزی‘‘ کے ذریعے دبانے کی کوشش کررہی ہیں۔تنظیم نے بتایا ہے کہ یہ احتجاجی مظاہرے اسی صوبہ میں واقع ساحلی شہر چاہ بہارمیں ایک پولیس چیف کی سنی بلوچ اقلیت سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعے کے خلاف شروع ہوئے تھے اوراب وہ صوبے کے دوسرے علاقوں تک پھیل چکے ہیں۔بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی تصدیق علاقائی این جی او بلوچ کارکنان مہم (بی اے سی) نے کی ہے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ زاہدان میں جھڑپوں میں سپاہ پاسداران انقلاب کے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔سرکاری ذرائع ابلاغ نے تشددآمیز جھڑپوں کو’’دہشت گردی کا واقعہ‘‘ قراردیا ہے۔

Related Articles