ایپل آئی فون 14 پرو برطانیہ میں فروخت کیلئے پیش

لندن،اکتوبر۔ دنیا بھر کی طرح برطانیہ میں بھی ایپل آئی فون 14پروطویل عرصے کے انتظار کے بعد بالآخر گزشتہ جمعے کو فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔جس کے بعد دنیا بھر میں لوگ آئی فون خریدنے کے لیے ایپل اسٹور کے باہر قطاریں لگائے ہوئے ہیں برطانیہ کے بڑے شہروں لندن، برمنگھم ،لیڈز ،مانچسٹر، گلاسگو اور دیگر شہروں میں صارفین کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں لیکن وہ افراد جو نیا آئی فون حاصل کرچکے ہیں وہ ایک عجیب و غریب مسئلے کے متعلق شکایت کرتے نظر آرہے ہیں۔ صارفین کے مطابق اسنیپ چیٹ، ٹِک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر تھرڈ پارٹی ایپ سے تصویر یا ویڈیو بناتے وقت فون کی پشت پر موجود کیمرے کا مرکزی لینس ہلتا اور جھنجھناتا ہے۔ فی الحال یہ بات واضح نہیں کہ یہ مسئلہ کتنے بڑے پیمانے پر ہے یا اس کی وجوہات کیا ہیں۔ تاہم متعدد آئی فون 14 پرو کے متاثرہ صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ریڈِٹ اور ٹوئٹر پر پیش آنے والے مسئلے کے متعلق بتایا۔ حیران کن طور پر یہ مسئلہ آئی فون کے اپنی کیمرا ایپ کے ساتھ پیش نہیں آرہا ہے۔ایک ریڈِٹ صارف کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ اسنیپ چیٹ یا انسٹاگرام سے کیمرا استعمال کرتے ہیں تو کیمرا بے تحاشہ ہلتا ہے۔ البتہ جب بھی ریگیولر کیمرا ایپلی کیشن کھولی جاتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ ایک اور صارف نے بتایا کہ گزشتہ روز انہوں نے نیا آئی فون 14 پرو لیا ہے جس کا کیمرا اسنیپ چیٹ استعمال کرتے وقت وقتاً فوقتاً ہلتا ہے(ہلنے سے مراد ہے کیمرے کو ہلتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے)، کیا کوئی اور بھی اس مسئلے کا سامنا کر رہا ہے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب اپنے نئے آئی فون پرو میں اسنیپ چیٹ کھولا تو کیمرا بہت زیادہ ہل رہا تھا اور عجیب و غریب آوازیں آرہی تھیں۔

 

Related Articles