فالگنی پھاٹک کا گانا چرانے والی نیہا ککڑ کی چوری پھر سینہ زوری
ممبئی،ستمبر۔بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے اپنے حالیہ گیت کی ریلیز کے بعد خود پر ہونے والی تنقید کا دلچسپ انداز میں جواب دے دیا۔ گلوکارہ کا نیا گیت ’او سجنا‘ ریلیز کے بعد تنقید کی زد میں آ گیا، کیونکہ گانے کی دھن سے متعلق گلوکارہ فالگنی پھاٹک نے الزام عائد کیا کہ نیہا نے اپنے گیت میں ان کے مشہورِ زمانہ گیت ’میں نے پائل ہے چھنکائی‘ کی دھن ان مرضی کے بغیر استعمال کی ہے۔ علاوہ ازیں جس نے بھی اس گیت کو سنا اس نے اسے فالگنی کے گیت کی بربادی کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا مثبت جواب دینے کے بجائے نیہا ککڑ چوری اور اوپر سے سینہ زوری کرتی ہوئی نظر آئیں۔ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کچھ ہی لوگوں کو وہ ملتا ہے جو مجھے مل چکا ہے، اور وہ بھی اتنی چھوٹی سی عمر میں۔ اس طرح کی شہرت، پیار، بیشمار سپر ہٹ گانے، سپر ڈپر ہٹ ٹی وی شوز، ورلڈ ٹورز، چھوٹی عمر سے لے کر 90 سال کی عمر کے مداح اور کیا نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ مجھے یہ سب کیسے حاصل ہوا؟ میری صلاحیتوں، محنت، مثبت سوچ اور جذبے سے حاصل ہوا ہے۔ لہٰذا میں آج خدا کا شکر ادا کرنا چاہتی ہوں وہ سب کچھ دینے کے لیے جو آج میرے پاس ہے۔ساتھ میں انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر تحریر کیا کہ ’وہ لوگ جو مجھے خوش اور کامیاب دیکھ کر بہت ہی دکھی اور ناخوش ہیں، ان پر مجھے ترس آرہا ہے۔‘انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ ’بیچارے۔۔ آپ لوگ تبصرے کرتے رہیں، میں ڈیلیٹ نہیں کروں گی۔‘خیال رہے اپنے پیغامات میں نیہا ککڑ نے فالگنی کی جانب سے گیت کی دھن اور بول کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کرنے کے الزامات کی تردید نہیں کی۔