مودی نے کشیدا سے ملاقات کی، آبے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

ٹوکیو، ستمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کرکے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہند-جاپان تعلقات کو بے مثال بلندیوں تک لے جانے میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔ سرکاری اطلاع کے مطابق وزیر اعظم مسٹر مودی نے ایک آزاد، کھلے اور جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے وژن کی تشکیل میں مسٹر آبے کے تعاون کو بھی یاد کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک مختصر دو طرفہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہندوستان-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف بین الاقوامی گروپوں اور اداروں میں مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اپنے بیان میں مسٹر مودی نے کہا، ’’ہم آج دکھ کی اس گھڑی میں مل رہے ہیں۔ آج جاپان آنے کے بعد میں خود کو زیادہ اداس محسوس کر رہا ہوں کیونکہ پچھلی بار جب میں آیا تھا تو میں نےمسٹر آبے سے بہت لمبی بات چیت کی تھی اور یہ نہیں سوچا تھا کہ جانے کے بعد ایسی خبر سننے کو نوبت آئے گی۔مسٹر کیشیدا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، "مسٹر آبے اور ان کے ساتھ وزیر خارجہ کی حیثیت سے آپ نے ہندوستان-جاپان تعلقات کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے اور اسے کئی شعبوں تک پھیلایا ہے اور ہماری دوستی نے بھی عالمی سطح پر اثر پیدا کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا، ہندوستان اور جاپان کی دوستی نے۔ اس سب کے لیے آج ہندوستان کے عوام آبے سان کو بہت یاد کرتے ہیں، جاپان کو بہت یاد کرتے ہیں۔ ہندوستان ہمیشہ ایک طرح سے ہمیشہ ان کی کمی محسوس کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ مسٹر کشیدا کی قیادت میں ہندوستان-جاپان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور بلندیوں کو چھوئیں گے نیز یہ کہ ہم دنیا کے مسائل حل کرنے میں مناسب کردار ادا کرنے کے قابل بنیں گے۔ مسٹر مودی جاپان کے سابق وزیر اعظم اور ہندوستان کے دوست مسٹر آبے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آج صبح یہاں پہنچے ہیں۔ آبے کی آخری رسومات میں 100 سے زائد ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے شرکت کریں گے جن میں 20سے زائد سربراہان مملکت ہوں گے ۔

Related Articles