ٹام ہارڈی کا اکیڈمی ایوارڈ میں نامزدگی سے مارشل آرٹ میں گولڈ میڈل جیتنے کا سفر

لاس اینجلس،ستمبر۔ہالی وڈ اداکار ٹام ہارڈی اپنی فلموں اور ٹی وی شوز کی وجہ سیجانے جاتے ہیں لیکن سپر ہیرو ‘بیٹ مین ‘ کو ‘بین’ بن کر زخمی کرنے والے ٹام ہارڈی نے رواں ہفتے برازیلین جوجٹسو اوپن چیمپئن میں شرکت کرنے اور پھر ایونٹ جیت کر اپنے چاہنے والوں کو حیران کر دیا۔’ان سیپشن’ اور ‘ڈنکرک’ جیسی فلموں میں کام کرنے والے 45 سالہ اداکار نے انگلینڈ کے شہر ملٹن کینز میں ہونے والے ایونٹ میں اپنے اصلی نام ‘ایڈورڈ ہارڈی’ کے ساتھ شرکت کی تھی۔ایونٹ سے قبل کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ‘ایڈورڈ ہارڈی’ کے نام سے شرکت کرنے والا شخص ‘وینم ‘ اور ‘میڈ میکس ‘ کی فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والا اداکار ہوگا۔لیکن ٹام ہارڈی کو اپنے درمیان پا کر آرگنائزرز اور حاضرین بہت خوش ہوئے۔چیمپئن شپ کے ایک نمائندے نے برطانوی اخبار ‘دی گارڈین’ سے بات کرتے ہوئے ٹام ہارڈی کو ‘ریلی نائس گائے’ یعنی بہت اچھا آدمی قرار دیا۔ ان کے مطابق ہر کسی نے ہالی وڈ اداکار کو پہچان لیا تھا اور میچ کے بعد انہوں نے سب کے لیے وقت نکال کر تصاویر بھی بنوائیں۔ایونٹ اسپانسر شان روزبورو کے مطابق انہوں نے ٹام ہارڈی کے تمام میچز دیکھیجس میں انہوں نے بے پناہ پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ٹام ہارڈی نے مارشل آرٹس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وہ مکسڈ مارشل آرٹس میں بلیو بیلٹ حاصل کرچکے ہیں اور 2011 کی فلم ‘واریئر’ میں ایم ایم اے فائٹر بنے تھے جس کے لیے انہوں نے 28 پاؤنڈز وزن بڑھایا تھا۔گزشتہ ماہ بھی انہوں نے’ری اورگ’ اوپن جوجٹسو چیمپئن شپ میں حصہ لیا تھا جس کا مقصد فوجیوں اور ایمرجنسی سروس ورکرز کے لیے فنڈ اکٹھا کرنا تھا۔اس ٹورنامنٹ میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کی اور حاضرین کے ساتھ ساتھ اپنے مخالفین کو بھی متاثر کیا۔مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹام ہارڈی کے ایک مخالف ڈینی ایپل بی نے کہا کہ وہ اب تک چھ چیمپئن شپ کے پوڈیم پر پہنچ چکے ہیں لیکن انہوں نے ٹام ہارڈی جیسا مخالف بہت کم دیکھا ہے۔اپنے ایک میچ کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "جب اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والے اداکار کو انہوں نے اپنے سامنے دیکھا تو انہیں یقین نہیں آیا۔”اس موقع پر ٹام ہارڈی نے اپنے مخالف سے کہا کہ وہ بھول جائیں کہ ان کے سامنے کون کھڑا ہیاور ان کے ساتھ وہی برتاؤ کریں جیسے دوسروں کے ساتھ کرتے ہیں۔مختلف برطانوی اخبارات نے بھی ٹام ہارڈی کی اس کاوش کو بھرپور کوریج دی۔ برطانوی اخبار ‘مرر’ نے انہیں ‘ٹام ہارڈ مین’ کا خطاب دیا تو دی سن نے انہیں ‘ہارڈی ایس نیلز’ قرار دیا۔ایک اخبار نے شہ سرخی لگائی کہ ٹام ہارڈی اب ایک ‘خفیہ مارشل آرٹس چیمپئن’ ہیں تو دوسرے نے ان کی ‘کیمیو’ کو حیران کن قرار دیا۔ٹام ہارڈی واحد ہالی وڈ سلیبرٹی نہیں جو برازیلین جو جٹسو میں شرکت کرچکے ہیں۔ ماضی میں سپر مین کا کردار ادا کرنے والے ہنری کیول، جان وک بننے والے کیانو ریوزاور مزاحیہ اداکار جم کیری بھی اس ایونٹ کا حصہ بن چکے ہیں لیکن ٹام ہارڈی جیسی کامیابی کسی کے حصے میں نہیں آئی۔

Related Articles