یہ خوبصورت یورپی جزیرہ آپ کو وہاں رہائش اختیار کرنے پر لاکھوں روپے دے گا

روم،ستمبر۔اگر آپ نے اٹلی میں رہائش کا خواب دیکھا ہے تو یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے بلکہ وہاں منتقل ہونے پر آپ کو لاکھوں روپے بھی مل سکتے ہیں۔اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں آکر بسنے والے افراد کو 15 ہزار یورو (35 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) فی کس دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ویسے تو یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ اتنے خوبصورت مقام پر آکر بسنے والے افراد کو رقم دی جائے مگر اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔اس مقصد کے لیے سارڈینیا کی حکومت نے ساڑھے کروڑ یورو کی رقم مختص کی ہے جو 3 ہزار افراد کو دینے کے لیے کافی ہے۔اٹلی کے مختلف خطوں میں اسی طرح لوگوں کو آکر بسنے کی ترغیب دی جارہی ہے، جیسے Calabria میں رہائش اختیار کرنے پر 33 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔سارڈینیا کو اٹلی نے علاقائی خودمختاری دی ہوئی ہے اور وہاں کے رہائشی اپنا صدر خود منتخب کرتے ہیں۔سارڈینیا کے صدر Solinas Christian نے بتایا کہ آبادی میں اضافے کے بغیر معاشی ترقی کا خواب ممکن نہیں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیوں پر کام کیا جارہا ہے۔اس پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو سارڈینیا کے کسی ایسے قصبے میں قیام کرنا ہوگا جہاں کی آبادی 3 ہزار سے کم ہوگی۔انہیں جو رقم دی جائے گی وہ گھر کی تزئین نو پر خرچ کی جائے گی اور انہیں اس قصبے میں وہاں کل وقتی قیام کرنا ہوگا۔اسی طرح 18 ماہ کے اندر اس فرد کو سارڈینیا کو اپنے مستقل پتے کے طور پر رجسٹر کرانا ہوگا۔بحیرہ روم کا دوسرا بڑا جزیرہ سارڈینیا خوبصورتی کے لیے جانا جاتا ہے تو حکام کو توقع ہے کہ لوگ وہاں آسانی سے رہائش اختیار کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

Related Articles