گڈکری کی امریکی سرمایہ کاروں سے ہندوستانی سڑک کی تعمیر کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل
نئی دہلی، ستمبر۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے امریکی سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں سڑکوں اور شاہراہوں کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں ان کی سرمایہ کاری سونے کی کان ثابت ہوگی۔پیر کو یہاں انڈو-امریکن چیمبر آف کامرس کے 19ویں ہند-امریکہ اقتصادی سربراہی اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتیں ہیں اور دونوں کے مضبوط تعلقات ہیں اور باہمی ترقی میں تعاون کرنے کے لئے پاس بہت کچھ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سماجی، اقتصادی اور اسٹریٹجک محاذ پر باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کا احساس رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کی کانفرنس کا موضوع اگلے 25 سالوں کے لئے نیا ایجنڈا ہے جو اس عرصے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ تیار کرے گاہندوستانی معیشت کی ترقی میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں 70 فیصد سامان اور تقریباً 90 فیصد مسافر سڑکوں کے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہیں۔ سال 2014 تک ہمارے پاس قومی شاہراہوں کا تقریباً 91,000 کلومیٹر نیٹ ورک تھا جو اس وقت بڑھ کر 1.47 لاکھ کلومیٹر ہو گیا ہے اور 2025 تک قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک دو لاکھ کلومیٹر تک بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں 10 ہزار کلومیٹر کے 27 گرین فیلڈ ایکسپریس ویز بنائے جا رہے ہیں۔ درختوں کی کٹائی اور درخت لگانے کے لیے ‘ٹری بینک’ کے نام سے ایک نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ اس پالیسی کے مطابق این ایچ اے آئی، این ایچ آئئ ڈی سی ایل، ہوائی اڈے اور بندرگاہ کے حکام کو پراجیکٹ کی ترقی کے دوران درخت لگانے اور کاٹنے کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ٹری بینک اکاؤنٹ رکھنا ہوتا ہے۔