جئے شنکر کواڈ وزارتی سطح کی میٹنگ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا جائیں گے
نئی دہلی ، فروری ۔وزیر خارجہ ایس جئےشنکر ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا (کواڈ) کے وزرائے خارجہ کی چوتھی میٹنگ میں شرکت کے لیے جمعرات کو آسٹریلیا اور فلپائن کے دورے پرجا رہے ہیں۔وزارت خارجہ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر جئے شنکر آسٹریلیا کی وزیر خارجہ ماریس پاینے کی دعوت پر 10 سے 13 فروری تک میلبورن میں رہیں گے جہاں وہ 11 فروری کو کواڈ وزارتی سطح کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں علاقائی اسٹریٹجک مسائل پر گفت وشنید ہو گی، جو ایک آزاد، کھلے اورجامع انڈو پیسیفک خطے کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر مبنی ہو گی ۔ اس میٹنگ میں کووڈ وبا، سپلائی چین، اہم ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، انفراسٹرکچر وغیرہ کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ بیان کے مطابق 12 فروری کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ کی فریم ورک کی 12ویں میٹنگ ہوگی جس میں دونوں کی مجموعی اسٹریٹجک شراکتداری کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی دو طرفہ، کثیر الجہتی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اسی دن ڈاکٹر جئے شنکر اور محترمہ پاینے وزرائے خارجہ سائبر فریم ورک ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وزیر خارجہ آسٹریلیا کے سیاسی رہنماؤں، ماہرین تعلیم، تاجروں، طلباء اور تارکین وطن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔