غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کرنا پڑتے ہیں

لز ٹرس کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے انرجی بلز میں کمی کا اعلان

لندن ،ستمبر۔ وزیراعظم لز ٹرس نے مہنگائی سے پریشان برطانوی عوام کو ریلیف دینے کے لیے انرجی بلز میں اکتوبر سے ہونے والے اضافہ کو محدود کردیا ہے اور اب یکم اکتوبر سے پرائس کیپ کو3,549سے کم کرکے ڈھائی ہزار پونڈ کردیا گیا۔ جس کا اطلاق دو برس کے لیے ہوگا۔ وزیراعظم لز ٹرس نے پارلیمنٹ میں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو صارفین کے بلز میں گرین لیوی کی معطلی سے اوسط گھرانے کے سالانہ بل میں ایک ہزار پونڈ کی کمی واقع ہوگی۔ گھریلو صارفین کے علاوہ بزنسز کو انرجی بلز کی مد میں چھ ماہ تک کی رعایت ملے گی، جس کے بعد کمزور انڈسٹریز کو ’’فوکسڈ سپورٹ‘‘ دی جائے گی۔ بلز میں رعایت کے ساتھ انرجی کی قیمت کم کرنے کے لیے مستقل اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی انرجی سپلائی ٹاسک فورس سپلائرز کے ساتھ مذاکرات کرکے طویل المدت معاہدے کرے گی۔ تیل و گیس کے فنڈ نئے ذخائر تلاش کرنے کے لیے ایک سو سے زائد نئے لائسنس جاری کیے جائیں گے اور فریکنگ پر عائد2019ء سے پابندی کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چاروں حصوں میں یکساں مدد فراہم کی جائے گی۔ حکومت کے منصوبے پر توقع کی جارہی ہے کہ150بلین پونڈ کے اخراجات آئیں گے لیکن لز ٹرس نے اخراجات کا تخمینہ نہیں بتایا اور کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، لز ٹرس نے کہا کہ ہر گھرانے کے لیے حکومت کی طرف سے انرجی بلز کی ادائیگی کے لیے اعلان کردہ400پونڈ پروگرام کے مطابق انہیں ملیں گے۔ لز ٹرس کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ موم خزاں اور موسم سرما گزارنے کے لیے تمام گھرانے فکرمند ہیں۔ روس کی یوکرین پر جارحیت اور یورپ کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنے کے سبب اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ مستقبل میں اس مسئلہ کو جڑ سے ختم کریں گے تاکہ ایسے حالات دوبارہ نہ دیکھنا پڑیں۔ لز ٹرس نے انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم منتخب ہوکر پہلے ہفتہ میں ہی انرجی بلز کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایکشن لیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا توانائی کے بحران سے نبرد آزما ہونے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وہ جانتی ہیں کہ ملک بھر میں خاندان اور کاروبار اس بات سے پریشان ہیں کہ وہ اس خزاں اور سردیوں کو کیسے پورا کریں گے۔ یوکرین میں پوتن کی جنگ اور یورپ میں گیس کی سپلائی کو ہتھیار بنانے کی وجہ سے عالمی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور اس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ہمیں اپنی طویل مدتی توانائی کی حفاظت اور فراہمی کو بڑھانا چاہیے۔ ہم بلوں کے ساتھ لوگوں اور کاروباروں کی مدد کے لیے فوری طور پر کارروائی کریں گے لیکن ان مسائل کی جڑ سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدام بھی کریں گے، تاکہ ہم دوبارہ اس پوزیشن میں نہ ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ جب ہمیں معیشت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔کمپنیوں کو برطانیہ میں سرمایہ کاری سے روکنا غلط بات ہے۔

Related Articles