سعودی شاہ سلمان اورولی عہد شہزادہ محمد کی شاہ چارلس سوم کوتخت نشینی پرمبارک باد

لندن/ریاض،ستمبر۔سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیزاور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانیہ کے نئے شاہ چارلس سوم کو ان کی تخت نشینی پرمبارک باد دی ہے اور ان کی کامیابی اور ملک کی خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نئے برطانوی بادشاہ کے نام اپنے پیغام میں مملکت کی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تعریف کی اور دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں برطانوی ہم منصب کی اچھی صحت کے لیے بھی نیک جذبات کا اظہارکیا ہے۔شاہ چارلس نے ہفتے کے روز اپنی آنجہانی والدہ کی مثال پرعمل کرنے کا عہد کیاہے۔سینٹ جیمز پیلس میں ایک تاریخی تقریب میں الحاق کونسل نے انھیں باضابطہ طور پر برطانیہ کا نیا بادشاہ قراردیا ہے۔73سالہ چارلس جمعرات کو اپنی والدہ ملکہ ایلزبتھ کی وفات کے فوری بعد ان کے جانشین بن گئے تھے لیکن ہفتے کے روزالحاق کونسل نے اپنا اجلاس منعقد کیا ہے اوراس میں نئے بادشاہ کے بیٹے اور وارث شہزادہ ولیم، اہلیہ کمیلا اور برطانیہ کی نئی وزیراعظم لیز ٹرس نے ایک اعلامیے پر دست خط کیے ہیں۔اس میں شہزادہ چارلس کو قانونی طور پربادشاہ قراردیا گیا ہے۔کونسل کے باضابطہ اجلاس کے دوران میں چھے سابق وزرائے اعظم،اسقفوں اور بہت سے سیاست دانوں نے ’’خدا بادشاہ کی حفاظت فرمائے‘‘ کا نعرہ بلند کیا۔اس اجلاس میں چارلس نے بہ طوربادشاہ اپنی افتتاحی تقریرمیں کہا کہ میں اس عظیم وراثت اورخودمختاری کے فرائض اور بھاری ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہوں،جو اب مجھے سونپی جاچکی ہیں۔انھوں نے کہاکہ ’’ان فرائض کی انجام دہی میں، میں آئینی حکومت کی پاس داری اور ان جزائراور دنیا بھر میں دولت مشترکہ کے علاقوں اوران کے عوام کے امن، ہم آہنگی اور خوش حالی کے حصول کے لیے قائم کی گئی متاثرکن مثال پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا‘‘۔

Related Articles