صرف بہار ہی نہیں ہم ملک کا ماڈل بنانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں: نتیش

نئی دہلی، ستمبر۔ملک بھر میں اپوزیشن لیڈروں کو متحرک کرنے کی مہم میں مصروف بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یو کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے کہا ہے کہ وہ ملک میں حکمرانی کا ماڈل بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈروں کو اعتماد میں لینے کے مقصد سے پیر کے روز یہاں پہنچنے والے مسٹر کمار نے کل یہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر ڈی راجہ اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر سیتارام یچوری سے ملاقات کی۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کمار نے ایک بار پھر کہا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نہیں ہیں اور نہ ہی وزیراعظم بننے کی ان کی کوئی خواہش ہے ۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) چھوڑنے پر جے ڈی (یو) کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر راجہ نے کہا کہ بہار ماڈل کا پورے ملک پر اثر پڑتا ہے اور اس کے دور رس سیاسی نتائج ہوں گے۔ مسٹرراجہ نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو متحد ہونا چاہئے تاکہ بی جے پی کو شکست دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں ہم نتیش جی کے ساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر کمار نے کہا کہ بہار ماڈل کیا ہے، ہم ملک میں گورننس کا ماڈل بنانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔ مسٹر کمار نے کہا کہ اگر بائیں بازو، علاقائی پارٹیاں اور کانگریس ایک ساتھ آئیں تو یہ بہت بڑی بات ہوگی۔ مسٹر یچوری نے کہا کہ مسٹر کمار کا بائیں بازو کے پاس آنا ملک کی سیاست کے لئے ایک مثبت اشارہ ہے۔ ملک اور آئین کو بچانے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ مسٹر نتیش کمار نے مسٹر گاندھی سے ملاقات کے بعد پیر کو ہی جے ڈی (ایس) لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سے بھی بات چیت کی۔

Related Articles