ماحولیاتی ایجنسی نے ساؤتھ ویسٹ سمیت انگلینڈ کے 11 علاقوں میں خشک سالی کا اعلان کردیا
لندن ،ستمبر۔ رواں برس بارشیں نہ ہونے کے سبب سائوتھ ویسٹ انگلینڈ کے پورے علاقے کو خشک سالی کا شکار قرار دے دیا گیا ہے۔ ماحولیاتی ایجنسی نے انگلینڈ کے14میں سے11علاقوں میں خشک سالی کا اعلان کیا ہے اور لوگوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ پانی کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں۔ ماحولیاتی ایجنسی نے سائوتھ ویسٹ کے علاقے میں خشک سالی کا اعلان بارشوں کے تناسب، دریائوں میں پانی کے بہائو، زیر زمین پانی کی سطح، پانی کے ذخائر اور زمین کی خشکی کو مدنظر رکھ کر کیا ہے۔ انگلینڈ میں جولائی کا مہینہ1935ء کے بعد خشک ترین رہا ہے۔ ماحولیاتی ایجنسی ایریا ڈرائوٹ ہیڈ کرس پال کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان تیز بارش بھی ہوئی لیکن وہ ناکافی تھی، متعدد دریائوں میں پانی کی سطح ریکارڈ حد تک کم ہے، خشک سالی کے سبب ٹیمز واٹر سمیت چند دیگر واٹر کمپنیوں نے پہلے ہی ہوز پائپ کے استعمال پرپابندی لگادی ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ شاور لینے کا وقت مختصر کردیں کیونکہ شاور کے دوران ایک منٹ میں10لیٹر پانی ضائع ہوتا ہے، نلکے کو بروقت بند کردیں، ڈش واشر اور واشنگ مشین کو مکمل بھر کر استعمال کریں اور پانی اگر کسی پائپ سے لیک ہورہا ہے تو اسے فوراً ٹھیک کرالیں۔ انگلینڈ میں رواں برس کے ابتدائی تین ماہ میں بارشیں26فیصد اور ویلز میں22فیصد کم ہوئیں اور موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی دریائوں میں پانی کی کمی واقع ہونا شروع ہوگئی تھی۔ خشک سالی کے نقصانات میں پانی کے آلودہ ہونے اور مچھلیوں کے مرنے، فصلیں تباہ ہونے اور آگ لگنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگست میں شدید گرمی کے سبب صرف پہلے ہفتے کے دوران ہی لندن فائر بریگیڈ کو خشک گھاس میں لگی آگ کے340واقعات سے نمٹنا پڑا تھا۔