ٹوٹنگ ہل کارنیوال میں21 سالہ شخص کو چاقو مار کر قتل کردیا گیا

لندن،ستمبر۔ ٹوٹنگ ہل کارنیوال میں 21سالہ شخص کو چاقو مارکر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے چاقو کے وار سے زخمی شخص کو رش میں سے نکال کر طبی عملہ کی آمد تک ابتدائی طبی امداد فراہم کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جس وقت چاقو مارنے کا واقعہ پیش آیا وہاں سیکڑوں افراد موجود تھے۔ قتل کی واردات ویسٹ وے فلائی اوور کے نیچے لیڈ بروک گروو کے علاقے میں پیر کو8بجے شام پیش آئی۔ پولیس کے لوکل کمانڈر ڈاکٹر ایلیسن حیدری نے کہا کہ کارنیوال میں دو دن ماحول کافی مثبت رہا لیکن افسوس کہ پیر کی شام تشدد کے چند واقعات رونما ہوئے جن میں ایک21سالہ شخص زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے ڈیٹیکٹوز ذمہ داروں کی شناخت اور انہیں کٹہرے تک لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وہاں سیکڑوں افراد موجود تھے اگر کسی کے پاس فوٹیج یا ثبوت ہو تو وہ سامنے آئے۔ پولیس کے مطابق منگل کی صبح تک کارنیوال کے حوالے سے مجموعی طور پر209افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں46پر حملہ کرنے، 36 پر منشیات رکھنے، 33پر خطرناک ہتھیار رکھنے، 27کو امن و امان میں خلل ڈالنے اور آٹھ کو جنسی حملہ کرنے کے الزامات ہیں، کارنیوال جسے یورپ کی سب سے بڑی اسٹریٹ پارٹی کہا جاتا ہے، وہ2019ء کے بعد پہلی مرتبہ اختتام ہفتہ پر منعقد ہوا تھا۔

Related Articles