فرحان اختر کی فلمیں اور اداکاری بالکل پسند نہیں، نصیرالدین شاہ
ممبئی، ستمبر۔ بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور کئی ہٹ فلموں میں اپنی لازوال اداکاری سے فلم بینوں کے دل جیتنے والے نصیر الدین شاہ کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ وہ دیگر اداکاروں کے بارے میں بیان دینے سے کبھی بھی نہ تو گھبراتے ہیں اور ہی شرماتے ہیں۔ اسی تناظر میں انہوں نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں فرحان اختر کی نہ تو اداکاری پسند ہے اور نہ ان کی فلمیں۔ تاہم انہوں نے اپنے اس بیان کی وضاحت کچھ اس طرح کی کہ باوجود اس کے وہ فرحان سے متاثر ہیں اور وہ انہیں پسند بھی ہے لیکن ان کا کام پسند نہیں۔ پدما شری سمیت کئی ایوارڈز اور اعزازات حاصل کرنے والے اور البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے، اجازت، اے ویڈنیس ڈے، دی لیگ آف ایکسٹرا آرڈنری جنٹلمین اور اقبال جیسی کلاسیکل فلموں میں کام کرکے اپنا سکہ جمانے والے نصیر الدین شاہ نے مذکورہ بالا انٹرویو 2013 میں دیا تھا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا تھا کہ فرحان کی فلموں پر میں توجہ ہی نہیں دیتا، مجھے ان کی صرف پہلی فلم ’دل چاہتا ہے‘ اچھی لگی تھی، لیکن ان کی شخصیت نہایت ہی شاندار ہے۔ نصیر الدین شاہ نے اس موقع پر جن اداکاروں کے کام کو پسند کیا ان میں عرفان خان مرحوم، ارشد وارثی، بومن ایرانی، وجے راؤ اور پنکج کپور شامل ہیں، جبکہ منوج واجپائی بھی ان کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہیں۔