سعودی عرب میں ایمفیٹامائن کی سب سے بڑی مقدارکی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

ریاض،ستمبر۔سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے ایک ہی کارروائی میں ایمفیٹامائن کی مملکت میں اسمگلنگ کی سب سے بڑی کوششوں میں سے ایک کوناکام بنا دیا ہے اور ایمفیٹامائن کی قریباًچارکروڑ 70 لاکھ گولیاں قبضے میں لے لی ہیں۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) کے ترجمان میجرمحمدالنجیدی نے کہا کہ اسمگلنگ آپریشن میں شامل آٹھ مکینوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور آٹے کے تھیلوں کی کھیپ میں چھپائی گئی ایمفیٹامائن کی 46,916,480 کی گولیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔محمد النجیدی کے مطابق یہ کھیپ الریاض ڈرائی پورٹ پہنچی تھی اور بعد میں اسے وہاں سے ایک گودام میں منتقل کردیا گیا۔انھوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے اس گودام پرچھاپا مار کارروائی کی ہے اور آٹھ رہائشیوں کوحراست میں لے لیا ہے۔ان میں چھے شامی اور دو پاکستانی شہری ہیں۔ان کے خلاف اب قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔محمد النجیدی نے مزید کہا کہ اب تک اسمگلنگ کے ایک ہی آپریشن میں ایمفٹامائن کی یہ سب سے بڑی مقدار ہے۔انھوں نے اس بات کابھی اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز ایسے تمام جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں پرکڑی نگرانی نظررکھتی ہیں جومملکت اور اس کے عوام کی سلامتی کو منشیات کا نشانہ بناتے ہیں۔سعودی حکام نے مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنے اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔سعودی حکام نے حالیہ مہینوں میں کیپٹاگون اور ایمفیٹامائن گولیوں کی متعدد ترسیلات کو ضبط کیا ہے۔ان میں بنیادی طور پر شام اورلبنان سے نشہ آورادویہ بھیجی گئی تھیں۔اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی کوششوں کے جواب میں مملکت نے 2021 میں لبنانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عاید کردی تھی۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سعودی کسٹمز نے انار کے اندر بھری ہوئی کیپٹاگون کی پچاس لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔لبنان میں سعودی عرب کے سفیر ولیدالبخاری نے منگل کے روزکہا کہ 2015 سے اب تک سعودی عرب نے لبنان سے یا اس کے ذریعے اسمگل کی گئی 70 کروڑنشہ آور گولیاں اور سیکڑوں کلوگرام چرس ضبط کی ہے۔

Related Articles