ارجن کپور: ’میری اور ملائکہ کی عمر میں فرق سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں
ممبئی،اگست۔ارجن کپور بالی وڈ کے ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جو سوشل میڈیا پر سرخیوں میں رہتے ہیں۔ فلم ’ایک ولن ریٹرنز‘ کی ریلیز کے بعد سے ہی وہ خبروں میں ہیں۔ جہاں کچھ لوگ فلم میں ان کی اداکاری کی تعریف کر رہے ہیں، وہیں کچھ لوگ ان پر تنقید کرنے میں بھی مصروف ہیں۔بی بی سی ہندی کے لیے نین دیپ رکشت نے ارجن کپور کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ہے۔ ارجن کپور نے سوشل میڈیا ٹرولنگ، اداکارہ ملائکہ اروڑہ کے ساتھ تعلقات اور فلمی دنیا میں اب تک کے سفر پر کھل کر بات کی۔ارجن کپور کا کہنا ہے کہ او ٹی ٹی پر جس طرح سے ناظرین کا ردعمل سامنے آتا ہے، اس سے بہت کچھ پوری طرح سے واضح نہیں ہوتا لیکن فلم کی ریلیز کے فوراً بعد ہی ناظرین کا ردعمل سامنے آ جاتا ہے۔ارجن کا کہنا ہے کہ ’اداکار کی زندگی میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب اسے ناظرین سے فیڈ بیک کی ضرورت ہوتی ہے۔ آج ناظرین مجھے فیڈ بیک دے رہے ہیں، یہ میرے لیے بہت اہم تھا۔ ہم ناظرین کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس فلم میں کام کرنے کی وجہ بڑے پیمانے پر ملک کے ناظرین کے ساتھ دوبارہ جڑنا تھا۔‘ارجن کپور کے کریئر میں ایک ایسا مرحلہ بھی آیا جب ان کی فلمیں ریلیز نہیں ہو رہی تھیں، کیا اس وقت انڈسٹری اور انڈسٹری کے لوگوں کا رویہ ان کے لیے بدل گیا تھا؟اس سوال کے جواب میں ارجن نے کہا کہ ’اگر کوئی انڈسٹری میں کامیاب ہوتا ہے تو اسے ایک طرح کی فلموں کی پیشکش کی جاتی ہے، اس کے پاس اپنی پسند کی فلموں کو منتخب کرنے کا موقع ہوتا ہے لیکن جب کسی کو ناکامی دیکھنا پڑتی ہے تو پھر آپشن کم ہو جاتے ہیں۔‘وہ کہتے ہیں کہ ’لیکن لوگوں کا رویہ میرے لیے اتنا نہیں بدلا۔ میں عادی ہوں، میں نے کامیابی اور ناکامی کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میرے آس پاس کون لوگ سچے اور کون جھوٹے ہیں۔ میں اپنی زندگی میں زیادہ لوگوں کو آنے نہیں دیتا۔ ہاں میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ جب فلمیں نہیں چلتی ہیں تو سوشل میڈیا پر اس کا بہت چرچا ہوتا ہے۔‘بی بی سی سے گفتگو کے دوران ارجن کپور نے بالی وڈ انڈسٹری سے وابستہ خاندان ہونے کے فائدے اور نقصانات کے بارے میں بھی بات کی۔ان کا کہنا ہے کہ ’فلم فیملی‘ یا ’گلیمر ورلڈ‘ سے آنے کی وجہ سے بعض اوقات ان کے جذبات کی اتنی قدر نہیں ہوتی جتنی ہونی چاہیے۔ارجن کپور نے اعتراف کیا کہ کبھی کبھی ایسا محسوس ہوا کہ ان کے سر نیم کی وجہ سے انھیں مختلف طریقے سے لیا جاتا ہے۔ارجن کہتے ہیں کہ ’دنیا ایسی ہی ہے، میں ایک پریولیجڈ بیک گراؤنڈ میں پیدا ہوا تھا لیکن میں نے کبھی اس کا غلط استعمال نہیں کیا۔ میں جہاں پیدا ہوا اسے میں کیسے بدل سکتا ہوں؟‘انھوں نے مزید کہا کہ ’میں سمجھ سکتا ہوں کہ کچھ لوگوں نے اس پیشے میں آنے کے لیے زیادہ جدوجہد کی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے نہیں کی یا میں نے کچھ برداشت نہیں کیا۔ ہم موازنہ نہیں کر سکتے۔ میں جان بوجھ کر لوگوں کو جذباتی بنا کر اپنی طرف راغب نہیں کرنا چاہتا۔ لوگ میری جذباتی زندگی کو نہیں سمجھتے، یہ ٹھیک ہے لیکن سر نیم کی وجہ سے مجھ سے نفرت کرنا عجیب ہے۔‘ ارجن کپور کے والد بونی کپور بالی وڈ کے مشہور فلمساز ہیں۔ ارجن کا کہنا ہے کہ ان کے رشتے میں کئی اتار چڑھاؤ آئے لیکن ایسا نہیں کہ محبت کبھی کم ہوئی ہو۔ ارجن کہتے ہیں کہ ’ایسا نہیں کہ میں نے کبھی ان سے کم پیار کیا، جتنا ہو سکتا تھا اتنا ان کے ساتھ رہتا تھا۔ اس وقت میں پڑھائی کرتا تھا اور وہ کام کرتے تھے اس لیے روزانہ نہیں مل پاتا تھا۔ بچپن میں جب وہ دور رہنے لگے تو یہ مشکل وقت تھا۔ تھوڑی بات چیت کم ہوتی تھی۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہمارے تعلقات میں کوئی رکاوٹ آئی یا ہمارے درمیان فاصلے کم ہوئے کیونکہ اب پیشہ تو ایک ہے، پھر بھی ساتھ نہیں رہتے لیکن بات چیت زیادہ ہوتی ہے۔‘ ابھی ارجن کپور بطور اداکار بالی وڈ میں بھی داخل نہ ہوئے تھے کہ اس سے پہلے ان کی والدہ وفات پا چکی تھیں۔ ارجن کپور کا کہنا ہے کہ وہ اس غم سے کبھی سنبھل نہیں پائے۔’میں اس چیز سے نمٹنے کے قابل نہیں رہا۔ جو کچھ اچھا ہوتا ہے یا جو کچھ برا ہوتا ہے، وہ یاد رہتا ہے۔ میری زندگی کا سب سے بڑا نقصان اس وقت ہوا جب میں نے ابھی کام شروع ہی کیا تھا۔ میرے لیے سب کچھ ختم ہو گیا، جو کچھ بھی اہم تھا وہیں ختم ہو گیا تو اس لیے اس کے بعد جو کچھ ملا وہ کبھی مکمل نہیں لگتا۔‘ ملائکہ اروڑہ اور ارجن کپور بھی اپنے رشتے کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ ملائکہ اروڑہ پہلے سلمان خان کے بھائی اور اداکار ارباز خان کی اہلیہ تھیں۔دونوں کے درمیان عمر کے فرق کے بارے میں اکثر تبصرے کیے جاتے ہیں۔ اس پر ارجن کپور کا کہنا ہے کہ ’اگر میرے اور ملائکہ کے درمیان عمر کا فرق ہے تو ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔ ہمارے اردگرد کے لوگوں کو کوئی مسئلہ نہیں تو میرے لیے یہی کافی ہے۔ جو لوگ باہر کے ہیں اور اگر وہ کچھ الگ سوچتے ہیں تو ہم ان کا کچھ نہیں کر سکتے۔ ذہنیت کو بدلنا اتنا آسان نہیں۔ ہم پیار کرتے ہیں اور اگر ہم کوئی مثال قائم کرتے ہیں تو میں اس سے خوش ہوں۔‘ ارجن کپور کا کہنا ہے کہ ہر ایک کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے لیکن اسے دوسروں پر مسلط نہیں کرنا چاہیے۔