مودی کا دو روزہ گجرات دورہ
نئی دہلی، اگست۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ اور اتوار کو گجرات کے دو روزہ دورے پر ہوں گے اور بھج میں تقریباً 6000 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، مسٹر مودی آج شام احمد آباد کے سابرمتی ریور فرنٹ میں کھادی فیسٹیول سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد کھادی کو مقبول بنانا، کھادی مصنوعات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور نوجوانوں میں کھادی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر ریاست کے مختلف اضلاع سے 7500 خواتین کھادی کاریگر بیک وقت اور ایک ہی جگہ پرچرخہ کتائی کریں گے۔ پروگرام میں 1920 کی دہائی سے استعمال ہونے والی مختلف نسلوں کے 22 چرخوں کوپیش کرتے ہوئے ’چرخوں کی ترقی‘ کی ایک نمائش بھی ہوگی۔ اس میں ‘یرودا چرخہ جیسے چرخے شامل ہوں گے، جو کہ آزادی کی جدوجہد کے دوران استعمال ہونے والے چرخے کی علامت ہے۔ وہیں پانڈورو کھادی کی تیاری کا لائیو مظاہرہ بھی ہوگا۔پروگرام کے دوران، مسٹرمودی گجرات اسٹیٹ کھادی ولیج انڈسٹریز بورڈ کے دفتر کی نئی عمارت اور سابرمتی پر ایک فٹ اوور برج کا بھی افتتاح کریں گے۔کل اتوار کی صبح وزیر اعظم بھج میں اسمرتی ون میموریل سمیت مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ اسمرتی ون تقریباً 470 ایکڑ رقبے میں بنایاگیا ہے۔ اس یادگار میں تقریباً 13 ہزاران لوگوں کے نام ہیں جو زلزلے کے دوران اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے۔ جدید ترین اسمرتی ون زلزلہ میوزیم کو سات تھیمز کی بنیاد پر سات بلاکس تخلیق نو، دوبارہ دریافت، بحالی، تعمیر نو، خیال نو، حیات نو اور تجدید میں تقسیم کیاگیا ہے۔مسٹر مودی سردار سروور پروجیکٹ کی کچھ شاخ نہر کا افتتاح کریں گے۔ نہر کی کل لمبائی تقریباً 357 کلومیٹر ہے۔ نہر کے ایک حصے کا افتتاح 2017 میں ہوا تھا اور باقی حصہ کا افتتاح اب ہو رہا ہے۔ اس نہر کے ذریعے ضلع کچھ کے تمام 948 گاؤں اور 10 قصبوں میں آبپاشی کی سہولیات اور پینے کے پانی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔اسی دن شام تقریباً 5 بجے وزیر اعظم ملک میں سوزوکی کے 40 سال مکمل ہونے کے موقع پر گاندھی نگر میں ایک پروگرام سے خطاب کریں گے۔ تقریب کے دوران، وہ ہندوستان میں سوزوکی گروپ کے دو بڑے پروجیکٹوں، گجرات کے ہنسل پور میں سوزوکی موٹر گجرات الیکٹرک وہیکل بیٹری مینوفیکچرنگ سہولت اور ہریانہ کے کھرکھودہ میں ماروتی سوزوکی کی آنے والی وہیکل مینوفیکچرنگ سہولت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔