بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن ایک بار پھر کورونا کا شکار

ممبئی،اگست۔بالی وڈ کے مقبول ترین اداکار امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھرمثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری کے 79 سالہ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر کورونا وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف کیا۔انہوں نے لکھا کہ ’میں نے ابھی کورونا ٹیسٹ کروایا ہوں جو مثبت آیا ہے اور مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائیں۔بالی وڈ اسٹار کے اس اعلان کے بعد مداحوں نے ان کی فوری صحت یابی کی دعا کی اور ان سے اپنا بھرپور خیال رکھنے کی اپیل کی۔یاد رہے کہ امیتابھ بچن 2020 میں امیتابھ بچن ،بیٹے ابھیشیک بچن، بہو ایشوریہ رائے اور پوتی آرادھیا بچن کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ،اس وقت امیتابھ اور ابھیشیک ممبئی کے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔بگ بی اس وقت ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے نئے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور جبکہ آنے والی متعدد نئی فلموں میں اپنے ایکشن کو جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔خیال رہے کہ امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو الہ آباد میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔انہیں شہرت 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم آنند سے ملی جس میں ان کے کردار کو فلم فیئر کا بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔تاہم 1973 میں فلم زنجیر نے انہیں حقیقی معنوں میں شہرت دلائی اور انہیں اینگری ینگ مین کہا جانے لگا، مگر ان کا عروج فلم شعلے سے شروع ہوا جس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے پلٹ کر نہیں دیکھا۔کبھی کبھی، امر اکبر انتھونی، ڈان، تریشول، مقدار کا سکندر، سلسلہ، مسٹر نٹورلال، ہم، محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، باغبان، آنکھیں، خاکی، پنک اور بلیک سمیت متعدد سپرہٹ فلمیں ان کے کریڈٹ پر ہیں۔77 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔اس کے ساتھ ہی وہ سابق سیاست دان اور ٹی وی ہوسٹ بھی ہیں اور ان کا پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کافی مشہور ہوا ہے۔انہیں 3 بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 12 بار فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر لاتعداد اعزاز الگ ہیں۔امیتابھ بچن کی شادی اداکارہ جیا بہادری سے ہوئی، ان کے دو بچے شویتا نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔ ابھیشیک بھی اداکار ہیں اور بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے ان کی بیوی ہیں۔

Related Articles