بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ کے دو جنگجو معاونین گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد: پولیس
سری نگر، اگست۔پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجومعاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو بانڈی پورہ کے پیٹھہ کوٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں لشکر طیبہ سے وابستہ کچھ جنگجو معاونین کی نقل و حرکت کے متعلق ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس اور 26 آسام رائفلز کی ایک مشترکہ ٹیم نے لال قلعہ موڑ پیٹھہ کوٹ پر ناکے کے دوران دو جنگجو معاوونین کو گرفتار کیا۔بیان میں کہا گیا: ’گرفتار شدہ جنگجو معاونین ایک سفید سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK05H – 0622 میں سفر کر رہے تھے‘۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد یوسف وانی ولد غلام رسول وانی ساکن پیٹھہ کوٹ بانڈی پورہ اور منظور احمد شاہ ولد عبدالاحد شاہ ساکن باغ بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔بیان کے مطابق گرفتار شدگان کی تحویل سے 3 پستول،3 پستول میگزین اور 5 ہینڈ گریینڈ بر آمد کئے گئے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار شدگان لشکر طیبہ کے سرگرم جنگجوؤں کے ساتھ رابطے میں تھے اور وہ ضلعے میں ملی ٹنسی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ورغلا کر جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے تیار کرنے کے کام پر مامور تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی بر وقت گرفتاری سے ضلع میں ایک بڑی ملی ٹنسی کارروائی ہونے کو ٹالا گیا۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔