انتظامیہ کو نوکری کے انٹرویو میں خاتون سے عمر پوچھنا مہنگا پڑگیا

ڈبلن،اگست۔اکثر کہا جاتا ہے کہ مرد کی تنخواہ اور عورت کی عمر نہیں پوچھنی چاہیے لیکن پھر بھی لوگ ایسے سوال کرتے ہیں۔ آئر لینڈ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک ریسٹورنٹ انتظامیہ کو نوکری کے لیے آئی خاتون سے دوران انٹرویو اس کی عمر پوچھنا مہنگا پڑگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں ایک پیزا اسٹور نے خاتون کو ڈیلیوری ڈرائیور کی نوکری کے انٹرویو میں اس کی عمر پوچھنے پر معافی مانگتے ہوئے 4ہزار 250 پاؤنڈز یعنی 10 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ادا کیے۔ اطلاعات کے مطابق جینس والش نامی خاتون نے الزام لگایا کہ انہیں ڈرائیور کی نوکری ان کی جنس اور عمر کی وجہ سے نہیں ملی۔بعد ازاں خاتون نے فیس بک پرریسٹورنٹ انتظامیہ کو بتایا کہ انٹرویو کے دوران حکام نے میری عمر پوچھی۔خاتون کی فیس بک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے انٹرویو لینے والوں میں سے ایک فرد کا کہنا تھا کہ وہ اس بات سے بے خبر تھے کہ ملازمت کے انٹرویو کے دوران عمر کے بارے میں پوچھنا نامناسب ہے۔ رپورٹس کے مطابق جلد ہی خاتون نے ریسٹورنٹ پر مقدمہ دائر کیا جس کے بعد برانچ کے مالک جسٹن کوئرک نے اسے معافی کے طور پر معاوضہ ادا کیا۔شمالی آئرلینڈ کے مساوات کمیشن کے حکم پر ریسٹورنٹ فرنچائز کے مالک نے خاتون کو اس واقعے پر معافی کے طورپر 4ہزار 250 پاؤنڈز ادا کیے۔

Related Articles