یواے ای کی غیرتیل تجارت پہلی شش ماہی میں 288 ارب ڈالرتک پہنچ گئی

دبئی،اگست۔متحدہ عرب امارات کی غیرتیل تجارت 2022 کی پہلی شش ماہی میں 10 کھرب 58 ارب درہم (288.06 ارب ڈالر) تک پہنچ گئی ہے۔یہ ایک سال قبل کے مقابلے میں 17 فی صد زیادہ ہے۔یواے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشدآل مکتوم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ خلیجی ملک کی غیر تیل تجارت نصف سال میں پہلی مرتبہ دس کھرب (ایک ٹریلین) درہم سے زیادہ ہوگئی ہے۔پہلی شش ماہی میں غیرتیل کی برآمدات قریباً 180 ارب درہم تک پہنچ گئی ہیں جو 8 فی صد زیادہ ہیں اورغیرتیل کی تجارت کاقریباً 17 فی صد حصہ ہے۔درآمدات 19 فی صد اضافے کے ساتھ قریباً 580 ارب درہم تک پہنچ گئیں جوغیرتیل تجارت کا 55 فی صد ہیں۔ دوبارہ برآمدات 20 فی صد اضافے کے ساتھ قریباً 300 ارب درہم تک پہنچ گئیں اور یہ غیرتیل تجارت کا 28 فی صد بنتی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت برائے خارجہ تجارت ثانی الزیودی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم کاروبار میں کھلے رہنے کے لیے پرعزم تھے اور بھارت اور دیگر کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدوں کے ساتھ ہم نے اشارہ دیا کہ ہم مابعد کووِڈ کے دور میں معیشت شروع کرنے میں سب سے آگے رہنا چاہتے ہیں۔متحدہ عرب امارات نے رواں سال کی پہلی شش ماہی میں بھارت اوراسرائیل کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیے اور جولائی میں انڈونیشیا کے ساتھ ایک اور تجارتی معاہدہ طے کیا تھا۔

Related Articles