شیخ محمد کامصری صدرالسیسی سے دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امورپر تبادلہ خیال

دبئی/قاہرہ،اگست۔متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید اتوار کے روز سرکاری دورے پر مصر پہنچے ہیں اورانھوں نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور علاقائی امورپر تبادلہ خیال کیا ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہ نماؤں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے بہت سے امیدافزا مواقع پربھی بات چیت کی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری میں اضافہ ہوگا۔خاص طورپر دونوں برادر عوام اور ملکوں کی پائیدار ترقی اور خوش حالی کے حصول کے لیے اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور کے علاوہ تازہ ترین علاقائی اورعالمی پیش رفت پربھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ وام نے مزید کہا کہ اس تناظر میں انھوں نے تنازعات اور بحرانوں کو پْرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے بات چیت، افہام وتفہیم اور سفارتی طریقوں کا سہارا لینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھا جاسکے۔دونوں صدور کی اس ملاقات میں عرب خطے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عرب اقدامات اور اتحاد کو بڑھانے کی اہمیت پرزور دیا گیا۔انھوں نے خطے کے ممالک میں بحرانوں کے مستقل حل تک پہنچنے کی تمام کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے تاکہ ان ممالک میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دیا جاسکے اور ان کے عوام کے لیے خوش حالی اورامن کے حصول میں مددمل سکے۔

 

Related Articles