مدھیہ پردیش میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی

شیوراج کی عوام سے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل

بھوپال، اگست۔پورے مدھیہ پردیش میں گزشتہ دو دنوں سے ہونے والی بارش کے درمیان وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے لوگوں سے انتظامیہ کی تمام ضروری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔وزیر اعلی مسٹر چوہان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مدھیہ پردیش میں دو دنوں سے مسلسل موسلادھار بارش جاری ہے۔ بھوپال، گنا، رائسین، ساگر، جبل پور سمیت کئی اضلاع میں لگاتار بارش ہو رہی ہے۔ ریاست کی تمام ضلعی انتظامیہ کو موسلا دھار بارش کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست میں شدید بارش کے دوران صورتحال قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران ہوشیار رہیں، ایسی جگہوں پر نہ جائیں جہاں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو۔ ندیوں، تالابوں، ڈیموں وغیرہ جیسی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ اضلاع میں انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔پوری ریاست میں دو دن سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث تقریباً تمام ڈیموں کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ ندی کا پانی پلوں پر آنے کی وجہ سے کئی مقامات سے سڑکیں بند ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔راجدھانی بھوپال میں کل صبح سے مسلسل بارش جاری ہے۔ مقامی بوٹ کلب میں آج بارش کی وجہ سے کروز کے بڑے حصے اور کئی کشتیوں کے ڈوبنے کی ویڈیوز صبح سے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ انتظامیہ جگہ جگہ امدادی کاموں میں لگاتار مصروف ہے۔راجدھانی بھوپال کی 100 سے زیادہ کالونیوں میں بجلی کی خرابی کا مسئلہ بھی سامنے آرہا ہے۔ مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

Related Articles