دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے گھر پر سی بی آئی کا چھاپہ
نئی دہلی، اگست۔مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مبینہ ایکسائز پالیسی کے ایک معاملے میں جمعہ کے روز دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ مسٹر سیسودیا نے ٹویٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔مسٹر سیسودیا نے جانچ ایجنسی سے مکمل تعاون کا وعدہ کیا تاکہ سچائی کا جلد انکشاف ہوسکے۔ چھاپے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سیسودیا نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ، "سی بی آئی آ گئی ہے۔ اس کا استقبال ہے۔ ہم انتہائی ایماندار ہیں۔ لاکھوں بچوں کے مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں اچھے کام کرنے والوں کو اس طرح ہراساں کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک ابھی تک نمبر ون نہیں بن سکاہے”۔سلسلہ وار ٹویٹس میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہم سی بی آئی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے تاکہ جلد حقیقت سامنے آسکے۔ اب تک میرے خلاف کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں لیکن کچھ ہاتھ نہیں آیا۔ اس سے کچھ نہیں نکلے گا۔ ملک میں اچھی تعلیم کے لیے میرے مشن کو نہیں روکا جا سکتا ہے”۔انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ دہلی کی تعلیم اور صحت کی وزارتوں کے بہترین کام سے نالاں ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں جیل میں بند ستیندر جین کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا، "یہ لوگ دہلی کی تعلیم اور صحت کے بہترین کاموں سے پریشان ہیں۔ اسی لیے دہلی کے وزیر صحت اور وزیر تعلیم کو گرفتار کیا گیا ہے تاکہ تعلیم و صحت کے شعبے میں ہونے والے اچھے کاموں کو روکا جا سکے۔ ہم دونوں پر جھوٹے الزامات ہیں۔ عدالت میں سچ سامنے آئے گا”۔