ہندوستان، چین کی ہر سرگرمی پر رکھ رہا ہے نظر : ایئر چیف
نئی دہلی، اکتوبر۔ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے کہا ہے کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور فضائیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ایئر چیف مارشل چودھری نے منگل کو یہاں فضائیہ کے دن سے قبل منعقدہ سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فضائیہ مشرقی لداخ میں چین کی نقل و حرکت پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ اکسانے کی کوئی بھی کارروائی کئے بغیر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ اس کے لیے مشرقی لداخ میں طیارں کی تعیناتی، تربیت اور دیگر وسائل پر کسی طرح کی کوتاہی نہیں برتی جارہی۔لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرن کی کم ہوتی تعداد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ زیادہ تعداد میں طیارے ہونے پر ہی فتح یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح کے لیے بہتر تربیت اور ٹیکنالوجی بھی اتنی ہی ضروری ہے اور فضائیہ اس شعبے میں پوری توجہ دے رہی ہے۔