راب ججوں کے اختیارات کم کرنے کے اقدامات پر غور کررہے ہیں، گارڈین
لندن ،اگست۔ڈومینک راب ججوں کے اختیارات کم کرنے کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ وزیر انصاف مبینہ طور پر ایسی تبدیلیاں متعارف کرانے پر غور کر رہے ہیں جو عدالتی جائزوں میں وزراء کے احتساب کو محدود کر سکیں۔ دی گارڈین کی طرف سے مبینہ طور پر دیکھے جانے والے وزارت انصاف (ایم اوجے) کے ایک لیک ہونے والے کاغذ کے مطابق ڈومینک راب ایک ایسے اقدام پر غور کر رہے ہیں جو ممکنہ طور پر ان دعویداروں کے لئے یہ امر مزید مشکل بنا دے گا جو عوامی اداروں کے خلاف کامیاب قانونی چیلنجز لاتے ہیں۔ دستاویز میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے کہ مسٹر راب نے اشارہ کیا ہے کہ وہ عدالتی نظرثانی کے لئے مزید اصلاحات پر مشورہ کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ مبینہ طور پر دستاویز میں مجوزہ تبدیلیاں ججوں کو کیسوں میں لاگو کرنے کے معیار کو طے کرنے سے لے کر لاگت کے بوجھ کو بڑھانے تک ہیں۔ ایم او جے کے ترجمان نے کہا ہم لیک ہونے والی دستاویزات پر تبصرہ نہیں کرتے ہیں۔ شیڈو وزیرانصاف سٹیو ریڈ نے کہا کہ رپورٹ شدہ تبدیلیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت سوچتی ہے کہ قانون صرف چھوٹے لوگوں پر لاگو ہوتا ہے۔ لیبر ایم پی نے کہا کہ یہ لیک اس بات کا مزید ثبوت ہے کہ لارڈ چانسلر اور یہ متکبر کنزرویٹو حکومت سوچتی ہے کہ قانون صرف چھوٹے لوگوں پر لاگو ہوتا ہے۔ چاہے یہ عدالتی نظرثانی پر ان کے حملے ہوں، ٹیکس دہندگان کی اربوں پونڈز کی رقم کوویڈ معاہدوں میں اپنے ساتھیوں کو دی گئی، پارٹی گیٹ اسکینڈل یا ان کے نام نہاد بل آف رائٹس، جس سے جرائم کے متاثرین کو انصاف ملنا بند ہو جائے گا۔ قدامت پسندوں نے برطانوی عوام کے لئے اپنی توہین کا مظاہرہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کے گروپ لبرٹی کے پالیسی اور مہم کے افسرچارلی ویلٹن نے دی گارڈین کو بتایا کہ لیک ہونے والی دستاویز سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت لوگوں کے لئے انہیں چیلنج کرنا اور خود کو عوام کے سامنے اور بھی کم جوابدہ بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔