مہنگائی پر منگل کو پارلیمنٹ میں بحث ہوگی: حکومت

نئی دہلی، اگست ۔پارلیمنٹ میں جاری تعطل کے درمیان حکومت نے پیر کو کہا کہ مہنگائی کے مسئلہ پر منگل کو دونوں ایوانوں میں بحث کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ اس مسئلہ پر لوک سبھا میں آج بھی بحث ہو سکتی تھی، لیکن اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے دونوں ایوانوں کی کارروائی کے دوسرے التوا کے بعد پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت مہنگائی پر بحث کے لیے شروع سے ہی تیار تھی، لیکن اپوزیشن نے بغیر کسی وجہ کے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ مسٹر جوشی کے ساتھ راجیہ سبھا میں قائد ایوان اور وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل بھی موجود تھے۔لوک سبھا میں اپوزیشن کے ارکان نے جھارکھنڈ اور گجرات کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے صبح کی کارروائی شروع ہوتے ہی ہنگامہ شروع کر دیا۔مسٹر گوئل نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو کووڈ انفیکشن ہوا ہے۔ ان کی صحت یابی کے بعد حکومت مہنگائی کے معاملے پر مذاکرات کے لیے تیار تھی لیکن اپوزیشن ایوان کو چلنے نہیں دے رہی تھی۔ اس سے قبل لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مختلف مسائل پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی پہلے دوپہر 12 بجے تک اور پھر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ راجیہ سبھا میں مسٹر گوئل نے کہا کہ مہنگائی پر بات کرنے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ آج لوک سبھا میں اور کل راجیہ سبھا میں اس پر بحث ہوگی، لیکن اپوزیشن پارٹیاں شور مچا رہی ہیں اور وہ بحث نہیں کرنا چاہتیں۔ اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ملک میں کئی واقعات ہو رہے ہیں جن میں جھارکھنڈ اور گجرات کے واقعات نمایاں ہیں۔ ارکان نے ان پر بحث کے نوٹس دیے ہیں۔ حکومت نے ان نوٹسز کا ذکر تک نہیں کیا۔اہم بات یہ ہے کہ جھارکھنڈ کے تین ایم ایل اے کو کولکتہ پولیس نے بھاری نقدی کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ اپوزیشن ارکان گجرات میں جعلی شراب سے ہونے والی اموات پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مسٹر جوشی اور مسٹر گوئل نے کہا کہ حکومت کسی بھی مسئلہ پر بات چیت سے گریز نہیں کرتی ہے اور کسی بھی مسئلہ کو منظم طریقے سے بحث کے لئے اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کی۔

Related Articles