روپیہ 42 پیسے مضبوط، چھ ماہ کی اعلیٰ سطح پر

ممبئی، دنیا کی دیگر اہم کرنسیز کے مقابلے ڈالر میں زبردست گراوٹ سے انٹربینکنگ کرنسی بازار میں روپیہ جمعہ کے روز 42 پیسے مضبوطی کے ساتھ تقریباً چھ ماہ کی اعلیٰ سطح پر پہنچ گیا اور کاروبار ختم ہونے تک ایک ڈالر 73.40 روپیے کا فروخت ہوا۔
ہندوستانی کرنسی تین دن میں 93 پیسے مضبوط ہو چکی ہے۔ گذشتہ روز جمعرات کو یہ 48 پیسے مضبوط ہو کر 73.82 روپیے فی ڈالر تھی۔
روپیے پر آج شروع میں تھوڑا دباؤ رہا۔ یہ پانچ پیسے کمزور ہونے کے ساتھ 73.87 روپیے فی ڈالر پر کھلا لیکن اس کے بعد اس میں مسلسل تیزی دیکھی گئی۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 73.29 فی ڈالر تک مضبوط ہوا۔ بالآخر گذشتہ روز کے مقابلے 42 پیسے کے اضافے کے ساتھ 73.40 روپیے فی ڈالر پر بند ہوا جو رواں برس 05 مارچ کے بعد کی سب سے اعلیٰ سطح ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی پالیسی میں تبدیلی سے متعلق بیان کے بعد دنیا کی چھ دیگر کرنسیز کے باسکیٹ میں ڈالر کا انڈیکس آج 0.70 فیصد لڑھک گیا۔ اس سے روپیے کو مضبوطی ملی۔ گھریلو شیئر بازاروں میں تقریباً ایک فیصد کی تیزی نے بھی ہندوستانی کرنسی کی مدد کی۔
بازار کے ماہرین نے بتایا کہ فیڈ کے جمعرات کو جاری بیان میں بے یقینی ہے۔ اس میں مہنگائی بڑھانے پر فوکس نہیں کیا گیا ہے۔ اس سے ڈالر دباؤ میں ہے۔

 

Related Articles