سْشانت سنگھ کی تصویر والی ٹی شرٹ کے کیپشن پر مداح مشتعل
نئی دہلی،جولائی ۔ آنجہانی اداکار سْشانت سنگھ راجپوت ایک بار پھر سرخیوں میں آگئے ہیں تاہم اس بار ان کے بحث میں آنے کی وجہ ان کی موت نہیں بلکہ ایک اشتہار ہے۔ تفصیلات کے مطابق ای کامرس کمپنی فلپ کارٹ نے ٹی شرٹ پر سْشانت سنگھ راجپوت کی تصویر لگاتے ہوئے اس پر کچھ ایسا لکھ دیا ہے جس سے مداحوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعدسوشل میڈیا پر کمپنی کے خلاف اس ٹی شرٹ کا بائیکاٹ کرنے کا ٹرینڈ چل رہا ہے۔جب فلپ کارٹ پر مداح سْشانت سنگھ کی تصویر والی سفید ٹی شرٹ دیکھ کر پہلے تو خوش ہو گئے لیکن جیسے ہی انہوں نے ٹی شرٹ پر ‘ڈپریشن لائک ڈرونگ’ پڑھا تو وہ غصے میں آئے۔ اس جملے کا مطلب ہے ’ ڈپریشن ڈوبنے کی طرح ہے۔سوشل میڈیا پر کمپنی کا بائیکاٹ کرنے کی مہم جاری ہے، جبکہ میڈیا کے مطابق فلپ کارٹ کے خلاف بھی شکایت درج کرائی گئی ہے اور کمپنی کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر کمپنی کے خلاف سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ‘ایک ذمہ دار شہری کے طور پر میں آج رات فلپ کارٹ کو ایسی چیزیں بیچنے کے لیے نوٹس بھیج رہا ہوں، جس سے کسی مردہ شخص کی توہین ہورہی ہو’۔ایک اور صارف نے لکھا کہ سشانت کی المناک موت کے صدمے سے پورا ملک ابھی تک باہر نہیں آیا ہے، ہم انصاف کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے، فلپ کارٹ کو اس گھناؤنے فعل پر شرمندہ ہونا چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔تاہم فلپ کارٹ کی ویب سائٹ پر اس ٹی شرٹ کی پوسٹ کو ہٹادیا گیا ہے۔