سعودی سرمایہ کاری فنڈ کی ملکیتی کمپنیاں جدہ میں لگڑری کروزٹرمینل تعمیرکریں گی

پی آئی ایف/جدہ،جولائی۔سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کی ملکیتی دو کمپنیوں نے جدہ میں لگڑری کروز ٹرمینل ڈیزائن اور تیار کرنے کے سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔مفاہمت کی اس یادداشت پر جدہ سنٹرل پروجیکٹ کی ماسٹر ڈویلپرجدہ سنٹرل ڈویلپمنٹ کمپنی (جے سی ڈی سی) اور کروزایکو سسٹم میں مہارت رکھنے والی کمپنی کروزسعودی نے منگل کے روزدست خط کیے ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں مکمل طور پر پی آئی ایف کی ملکیتی ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’’یہ اعلان جے سی ڈی سی کے معروف قومی ڈویلپرز کے ساتھ شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم اورجدہ کوخطے میں سپر یاٹ اور لگڑری کروز مقامات میں سے ایک کے طور پرمتعارف کرانے اور ترقی دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔جے سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) احمد بن عبدالعزیزالسلیم نے کہا:’’ہمارا منصوبہ ایک عالمی معیارکی مرینا تیارکرنا ہے جس میں ایک لگڑری کروز منزل شامل ہے۔یہ دراصل اس بھرپورسمندری وراثت کاتسلسل ہے۔ کروز سعودی کے ساتھ ہماری شراکت داری سے ہمیں اپنی کوششوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی کیونکہ ہم مملکت کی سیاحت اور تفریحی صنعت کو متنوع بنانے کے لیے کام کررہے ہیں اور یہ پی آئی ایف اور سعودی وڑن 2030 کا ایک اہم ہدف ہے‘‘۔اس منصوبے کا مقصدمملکت کی سمندری سیاحت کی صنعت کوترقی دینا اورشہری ساحلی پٹی کو تبدیل کرنا ہے۔کروزسعودی کے سی ای او لارس کلاسن کے حوالے سے ایس پی اے نے کہا:’’مفاہمت کی یہ یادداشت کروز سروسز کے دائرہ کار سے باہرکروزسعودی کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ہم مل کر جے سی ڈی پروجیکٹ کے اندر لگڑری کروز آپریشنز سے پیدا ہونے والے بے شمارمواقع تلاش کریں گے تاکہ سیاحوں کو بہترین سمندری تجربہ مہیا کیا جاسکے۔ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق جدہ سنٹرل پروجیکٹ کا آغاز 2021 میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا۔اس منصوبے پر مجموعی طور پر قریباً 20 ارب ڈالر(75 ارب ریال) کی سرمایہ کاری کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔اس منصوبہ کے تحت بحیرہ احمر سے نظر آنے والی 57 لاکھ مربع میٹر اراضی تیار کی جائے گی۔اس کی مالی معاونت پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کارکریں گے۔

Related Articles