انسانوں کی طرح 2 ٹانگوں پر چلنے والا کتا
کولوراڈو،جولائی۔آپ نے ہمیشہ کتے کو 4 ٹانگوں پر ہی چلتے ہوئے دیکھا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے کتے کے بارے میں بتارہے ہیں جو انسانوں کی طرح 2 ٹانگوں پر کھڑا ہوتا اور چلتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو سے تعلق رکھنے والا 7 سالہ ڈیکسٹر نامی کتا عام کتوں سے مختلف ہے کیوں کہ یہ 4 کی بجائے انسانون کی طرح اپنی 2 ٹانگوں پر چلتا ہے۔
کیا یہ کتا پیدائش سے ہی انسانوں کی طرح چلتا ہے؟اس کا جواب ہے نہیں، اصل میں جب ڈیکسٹر چھوٹا تھا توکولوراڈو میں اپنے مالک کے صحن سے باہر بھاگا اور فوراً ہی روڈ پر ایک کار سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے اس کی اگلی ٹانگوں میں سے ایک کو کاٹنا پڑا اور دوسری کو شدید نقصان پہنچا لیکن وہ زندہ بچ گیا۔رپورٹس کے مطابق ڈیکسٹر کی مالک کا خیال تھا کہ اسے اپنی اگلی ٹانگوں کے بغیر گھومنے پھرنے کے لیے ہمیشہ کسی وہیل چیئر کی ضرورت ہوگی جو اس نے تھوڑی دیر کے لیے استعمال بھی کی لیکن بعد ازاں اس کتے نے شاندار مہارت کے ساتھ خود ہی صرف پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو کر چلنا سیکھ لیا اور تب سے وہ انسانوں کی طرح چلتا اور آسانی سے بھاگتا ہے۔ڈیکسٹر کی مالک کا کہنا ہے کہ ایک روز میں نے اچانک دیکھا کہ وہ بغیر وہیل چیئر کے سیڑھیاں اتر اور چڑھ رہا ہے ، یہ دیکھ کر میں حیران رہ گئی اور اسے کیمرے میں ریکارڈ کیا۔2 ٹانگوں پر انسانوں کی طرح خود چلنا سیکھنے کے بعد ڈیکسٹر ایک اسٹار بن گیا ہے، اسے مختلف پریڈز اور تقریبات میں خصوصی طور پر مدعو بھی کیا جاتا ہے۔