بارہ بنکی:دوبسوں کی ٹکر،8کی موت،20زخمی

بارہ بنکی:جولائی، اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی کے حیدرگڑھ علاقے میں پوروانچل ایکسپریس وے پر پیر کی صبح سڑک کنارے کھڑی ایک ڈبل ڈیکر بس کو ایک دوسری تیز رفتار بس نے ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں کم سے کم آٹھ مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ تقریبا 20مسافر شدید طور سے زخمی ہوگئے جنہیں لکھنؤ واقع ٹراما سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو مناسب علاج کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا’ پوروانچل ایکسپریس وے پر پیش آیا سڑک حادثہ کافی تکلیف دہ ہے۔ متعلقہ افسران کو راحت رسانی کے کام تیز کرنے اور زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج کی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے۔پر بھو شری رام مہلوکین کی روح کو تسکین اور زخمیوں کو جلد از جلدشفایاب کریں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بہار کے دربھنگہ سے تقریبا 50سواریاں لے کر دہلی جارہی ڈبل ڈیکر بس پوروانچل ایکسپریس وے پر سڑک کنارے کھڑی ایک دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں بس میں بیٹھے مسافر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے زخمی مسافروں کو ابتدائی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے آٹھ لوگوں کو مردہ قرار دیا ہے۔ زخمیوں میں بہار کے سیتا مڑھی اور مظفرنگر کے 12سے زیادہ مسافر شامل ہیں۔ جن میں کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ ٹکرمارنے والی بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر فرار ہوگئے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتاہے۔حادثے کے بعد مقامی افراد نے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کا کام شروع کیا۔ اس درمیان موقع پرپہنچی پولیس نے ایمبولنس کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ علی الصبح پیش آئے حادثے کے بعد پوروانچل ایکسپریس وے کی ایک لین پر جام لگ گیا۔ حادثے کا شکار بسوں کو کرین کی مدد سے الگ کر آمدورفت کو بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔

Related Articles