مارول فلم’’تھور، لو اینڈ تھنڈر‘‘ کا باکس آفس پر راج جاری
لاس اینجلس ،جولائی۔مارول اسٹوڈیو کی نئی فلم’’تھور، لو اینڈ تھنڈر‘‘ کا امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں باکس آفس پر راج جاری ہے۔ ڈزنی اور مارول کے اشتراک سے بننے والی یہ فلم آٹھ جولائی کو ریلیز کی گئی تھی جس کے بعد سے اب تک یہ باکس آفس پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ انٹرنیشنل ویب سائٹ باکس آفس موجو کے مطابق فلم تھور، لو اینڈ تھنڈر نے امریکہ میں اب تک 23 کروڑ 90لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے، جس میں سے چار کروڑ 6 لاکھ ڈالرز صرف دوسریویک اینڈ پر کمائے ہیں، جو اس کی مسلسل اڑان کوظاہر کرتا ہے۔اسی طرح انٹرنیشل باکس آفس کے بزنس کو ملا کر فلم نے مجموعی طور پر اب تک 50 کروڑ ڈالرز سے زائد کما لیے ہیں اور یہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پچاس کروڑ ڈالرز بزنس کرنے والی فلموں میں شامل ہو گئی ہے۔اس فلم کی ریلیز کے بعد امریکہ اور پاکستان میں آنے والی تینوں فلمیں اسے باکس آفس میں پہلے نمبر سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔پاکستان میں تھور، لو اینڈ تھنڈر کی موجودگی میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘، فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ اور سمیع خان اور دیگر اداکاروں کی فلم ‘لفنگے نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔مگر یہ ہولی وڈ فلم کو اب تک پیچھے نہیں چھوڑ سکی ہیں۔پاکستانی فلموں کے مقابلے میں تھور کو اسکرینیں بھی کم ملیں جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں سینسر بورڈ سے پاس نہ ہونے کی وجہ سے اسے وہاں ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔پاکستان میں باکس آفس کی مستند ویب سائٹ باکس آفس ڈیٹیل کے مطابق تھور، لو اینڈ تھنڈر نے دس روز میں آٹھ کروڑ 25 لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔