جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کا صحیح وقت ہے: اشوک کول

سری نگر،جولائی ۔بی جے پی کے آرگنائزیشن جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کا صحیح وقت آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے اور جب بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے اعلان ہوگا تو ہم حصہ لیں گے۔ موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ’ایسا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ ہم 31 اکتوبر کو فائنل ووٹر لسٹ دیں گے اس کے بعد کبھی بھی وہ الیکشن منعقد کرانے کا اعلان کر سکتے ہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی ہمیشہ سے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے اور جب الیکشن کمیشن آف انڈیا اعلان کرے گا تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ مسٹر کول نے کہا کہ جو میٹنگیں ہماری یہاں ہو رہی ہیں وہ الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ہی ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں الیکشن کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہی لینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ: ’مجھے لگتا ہے کہ یہاں الیکشن کرانے کا صحیح وقت ہے‘۔

Related Articles