سشمتا سین کے والد بیٹی کے للت مودی کے ساتھ تعلق سے بے خبر
ممبئی،جولائی۔بالی ووڈ کی متعدد سپر ہٹ فلموں کی اداکارہ، ماڈل اور سابق مس یونیورس سشمتا سین کی بھارتی تاجر اور انڈین پریمیئر لیگ کے بانی و سابق سربراہ للت مودی کے ساتھ تعلق کے حوالے سے خبر سامنے آئی ہے۔سشمتا سین کے والد بھارتی ایئر فورس کے ریٹائرڈ افسر شوبھیر سین کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے سے بالکل بے خبر ہیں۔ سشمتا نے للت مودی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔یاد رہے کہ جمعرات کو 58 سالہ للت مودی نے 47 سالہ سشمتا کے ساتھ مالدیپ میں اپنی تعطیلات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔انہوں نے تصاویر کے ساتھ نوٹ لکھا تھا کہ وہ حال ہی میں اپنے عالمی ٹور کے سلسلے میں خاندان اور دوست سشمتا کے ساتھ لندن سے بلآخر ایک نئی زندگی کی شروعات کے لیے مالدیپ پہنچے ہیں۔تاہم اس خبر پر سشمتا کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں کچھ معلوم نہیں، میری آج صبح اپنی بیٹی سے بات ہوئی تھی اس نے مجھے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔