بالی وڈ ڈائری: ’ابھی شادی نہیں ہوئی، ہم صرف ڈیٹ کر رہے ہیں‘
ممبئی/لندن،جولائی۔آئی پی ایل کے سابق چیئرمین اور بزنس مین للت کمار مودی کا کہنا ہے کہ اس وقت وہ ساتویں آسمان پر ہیں، اور کیوں نہ ہوں حسینہ کائنات سشمیتا سین جو انھیں مل گئیں ہیں۔اس خبر کا اعلان انھوں نے سوشل میڈیا پر چھاتی ٹھونک کر کیا ہے۔ للت کمار مودی نے ایک ٹویٹ میں سشمیتا کے ساتھ اپنی بہت سی تصاویر اور ان کے ساتھ اپنے رشتے کا کھل کر اعلان کیا ہے۔انھوں نے لکھا ’اپنی فیملی اور خاص طور پر میری جیون ساتھی سشمیتا سین کے ساتھ مالدیپ، سارڈینیا سے واپس لندن پہنچ گیا ہوں، زندگی کی ایک نئی شروعات ہے اور میں ساتویں آسمان پر ہوں۔‘اس کے کچھ ہی دیر بعد للت نے ٹویٹ کیا کہ ’وضاحت کے ساتھ لکھنا چاہوں گا کہ ابھی شادی نہیں ہوئی۔ ہم صرف ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں اس کے بعد کا مرحلہ شادی ہی ہے۔‘ادھر سشمیتا نے بھی اس بارے میں اپنی خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام پر سرخ رنگ کے دل اور سرخ ہونٹوں کی ایموجیز کے ساتھ اپنی پوسٹ میں لکھا ’ابھی نہ تو شادی ہوئی ہے اور نہ ہی منگنی ’آئی ایم اِن اے ہیپی پلیس‘ یعنی میں آج کل بہت خوش ہوں اور بیلوث محبت میں گھری ہوں، میرے خیال میں اتنی وضاحت کافی ہے۔‘یوں تو سشمیتا پہلے بھی کئی بار ایسی خوشی محسوس کر چکی ہیں اور کھل کر اس کا اظہار بھی کر چکی ہیں چاہے وہ فلمساز وکرم بھٹ ہوں یا اداکار رندیپ ہوڈا، تاجر رتک بھسین ہوں یا بنٹی سچدیوا یا پھر کشمیری ماڈل رومن شال جن سے سشمیتا کا تعلق حال ہی میں ختم ہوا۔یہ وہی رومن ہیں جن کے ساتھ اکثر سشمیتا انسٹا پر تصویروں کے ساتھ یہی لکھا کرتی تھیں ’آئی ایم اِن اے ہیپی پلیس‘ یعنی میں بہت ہی خوش ہوں۔ دیکھتے ہیں کہ ان کی خوشیوں کا یہ سلسلہ ابھی آگے اور کس کس موڑ سے گزرے گا۔ویسے جہاں تک سشمیتا سین کا تعلق ہے تو وہ چاہے فلموں کے حوالے سے زیادہ خبروں میں نہ ہی رہتی ہوں لیکن اپنی ذاتی زندگی میں نت نئے واقعات اور دوستیوں کے سبب سرخیوں میں ضرور رہتی ہیں۔
کشمیر فائلز کے بعد اب دلی فائلز کی تیاری:کہا جا رہا ہے کہ کشمیر فائلز کے ساتھ اپنی کامیابی کے سفر پر نکلنے والے فلسماز وویک اگنی ہوتری نے بھی نفرت اور انتشار پھیلانے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ان کے اس سفر کا اگلا مرحلہ یعنی ان کی نئی فلم دلی فائلز تیار ہو رہی ہے لیکن درمیان میں انھوں نے انڈسٹری کے خانوں سے دو دو ہاتھ کرنے کا فیصلہ کیا۔حال ہی میں ٹوئٹر پر انھوں نے ایک پوسٹ میں کہا ’جب تک بالی وڈ میں بادشاہ، کِنگ اور سلطان رہیں گے، انڈسٹری ڈوبتی رہے گی۔‘اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے مزید لکھا ’اسے عوام کی انڈسٹری بنائیں جس میں لوگوں کی ہی کہانیاں ہوں جس کے بعد یہ عالمی انڈسٹری بن جائے گی۔‘ٹیکس فری سہولت، بی جے پی اور آر ایس ایس کے آشیرباد سے اپنی پہلی ’کامیاب‘ فلم بنانے والے وویک اگنی ہوتری جن کِنگ، سلطان اور بادشاہ کی جانب اشارہ کر ہے ہیں وہ باکس آفس کے کنگ، بادشاہ یا سلطان ہونے کے ساتھ ساتھ کروڑوں لوگوں کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں اور انڈسٹری میں ان کا حصہ یعنی ان کی خدمات انڈیا ہی نہیں دنیا بھر میں سراہی جاتی ہیں۔بالی وڈ میں مخصوص سیاسی جماعت کی تشہیر کے ساتھ نفرت اور انتشار پھیلانے کی ایسی ناکام کوشش پہلے بھی کچھ لوگ کر چکے ہیں جس کا ان کے لیے کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔ دیکھتے ہیں وویک اگنی ہوتری آگے اور کیا کیا کر سکتے ہیں۔
ملکہ شیراوت کو نئی دنیا کی تلاش:اداکارہ ملکہ شیراوت کا کہنا ہے کہ انھوں نے امریکہ میں بسنے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ بالی وڈ میں نام اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب وہ ایک نئی دنیا اور نیا افق تلاش کرنا چاہتی تھیں۔ اس سے پہلے وہ فرانس کو بھی اپنا گھر بنا چکی ہیں۔2004 میں فلم ’مرڈر‘ سے کامیابی حاصل کرنے والی ملکہ نے کئی فلموں میں کام کیا۔ ویسے انھیں بالی وڈ میں بہت زیادہ کام تو نہیں ملا ہاں نام اور شہرت کافی حاصل ہوئی۔’ای ٹائمز‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ملکہ کا کہنا تھا کہ ہریانہ کی جاٹ فیملی سے بغاوت کر کے اپنا سامان باندھ کر جب وہ ممبئی کے لیے نکلی تھیں تو انھوں نے سوچا تھا کہ دیکھی جائے گی۔ انھیں لگتا تھا کہ وہ دنیا فتح کر لیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ امریکہ میں انھوں نے کئی پراجیکٹس پر کام کیا اور تو اور دو بار براک اوبامہ سے بھی ملاقات کا شرف حاصل ہوا، اسے کہتے ہیں کامیابی۔امریکہ جانے کے بعد تاہم ملکہ نے ایک بار پھر بالی وڈ کا رخ کیا ہے اور رجت کپور کی نئی کامیڈی فلم ’آر کے/کے آر کے‘ میں کام کرنے واپس پہنچیں۔فلم اس ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔ اس سے پہلے 2018 میں ملکہ ایکتا کپور کی ہارر کامیڈی فلم ’بو سب کی پھٹے گی‘ میں نظر آئی تھیں۔