امریکی فوج کے ڈرون حملے میں شام میں داعش کا سربراہ ہلاک

دمشق،جولائی۔شام میں داعش کا رہ نما ماہرالعقال امریکی فوج کے فضائی حملے میں مارا گیا ہے۔ وہ اس سخت گیر دہشت گرد گروہ کے سرفہرست پانچ رہ نماؤں میں سے ایک تھا۔امریکا کی مرکزی کمان اور محکمہ دفاع (پینٹاگان)نے منگل کے روزالگ الگ بیان میں کہا ہے کہ شام کے شمال مغربی علاقے عفرین میں ڈرون حملے میں ماہرالعقال ہلاک ہوگیا ہے اور اس کا ایک قریبی ساتھی شدید زخمی ہوا ہے۔وہ دونوں اس وقت موٹرگاڑی پرکہیں جارہے تھے اورانھیں میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان کے مطابق اس آپریشن پرکامیاب عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ابتدائی جائزے سے پتا چلتاہے کہ حملے میں کوئی عام شہری ہلاک نہیں ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہرالعقال عراق اورشام سے باہر داعش کے نیٹ ورک کو تیارکرنے کا ذمہ دارتھا۔ان کی موت شام میں وسیع علاقہ کھونے کے بعد داعش کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششوں کے لیے ایک اور دھچکاثابت ہوگی۔یادرہے کہ فروری میں شام میں امریکی فوج کے حملے کے دوران میں داعش کے سرکردہ رہ نما نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

Related Articles